کنگنا بھارتی فلمی ستاروں پر برس پڑیں’فنکار منہ تکتے رہ گئے
فنکاروں کی مثال ٹڈوں جیسی ، خالی دماغ والے،ان سے دوستی نہیں کر سکتی:اداکارہ
لاہور(شوبزڈیسک)اداکاری میں اپنے نام کا لوہا منوانے کے بعد سیاست کے میدان قدم جمانے والی بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے بالی وڈ کی مشہور شخصیات کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں ‘بے وقوف’ قرار دے دیا۔ بے باک انداز اور صاف گو مشہور کنگنا رناوت کا خیال ہے کہ آج کل کے فنکار شوٹنگ کے بجائے صرف اور صرف برانڈڈ بیگز، لگژری گاڑیوں، اور لذیذ کھانوں سے ہٹ کر کچھ بھی بات نہیں کرتے۔حال ہی میں سیاستدان کنگنا رناوت نے نجی پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کئی اہم پہلو پر گفتگو کرنے کے ساتھ بھارتی فنکاروں کیلئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اپنی گفتگو میں اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ بالی وڈ کی مشہور شخصیات’خود پسند، بے وقوف،کم عقل اور بالکل خالی دماغ’ ہوتے ہیں اور ان کی پارٹیوں میں جانا ‘صدمے’ جیسا ہے۔انڈسٹری میں دوستوں سے متعلق سوال کے جواب میں اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ میں بالی وڈ قسم کی شخصیت نہیں ہوں، اور نہ ہی میں بالی وڈ کے لوگوں کی دوست بن سکتی ہوں کیونکہ وہ لوگ خود پسند، بے وقوف اور دماغ سے خالی ہوتے ہیں۔
اداکارہ نے ٹڈوں کی مثال دیتے ہوئے اپنے خیالات کو کچھ اس طرح بیان کیا کہ ان کی مثال ٹڈوں جیسی ہے، بالکل خالی دماغ والے، آپ ایسے لوگوں سے کیسے دوستی کر سکتے ہیں؟ انہیں تو اس بات کا بھی اندازہ نہیں ہوتا کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے، ان کے پاس گفتگو کرنے کے لیے کوئی موضوع ہی نہیں ہوتا۔’کنگنا کی اس مثال پر میزبان کا کہنا تھا کہ پوری انڈسٹری ایک جیسی نہیں ہو سکتی، جس پر اداکارہ نے مزید جواب دیا کہ انہوں نے ‘بالی وڈ کو کافی قریب سے دیکھا ہے’۔
ایمرجنسی کی اداکارہ نے فنکاروں کی روز مرہ زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘اگر اداکار شوٹنگ نہیں کر رہے ہوتے تو ان کا روزمرہ کا معمول کچھ یوں ہوتا ہے جیسے صبح اٹھنا، تھوڑی جسمانی ورزش کرنا، دوپہر کو سونا، شام کو اٹھ کر جم جانا، اور پھر رات کو سونا یا ٹی وی دیکھنا۔پوڈکاسٹ کے دوران اداکارہ کنگنا رناوت نے مزید یہ انکشاف بھی کیا کہ مجھے بالی وڈ میں کوئی ایسا مہذب انسان ملے جو برانڈڈ بیگز یا گاڑیوں کے علاوہ بات کر سکے، تو یہ میرے لیے حیرانی کی بات ہو گی’۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ‘ان کی باتیں سن کر شرمندگی ہوتی ہے، بالی ووڈ کی پارٹی میرے لیے ایک صدمے جیسی ہے، اگر آپ کو لگتا ہے کہ یہ کوئی اعلی درجے کی پارٹی ہو رہی ہے، جہاں لوگ اپنی شخصیت، ذہانت، یا فن کے بارے میں بات کر رہے ہیں، تو ایسا کچھ نہیں ہے’۔واضح رہے کہ اداکارہ کنگنا کی آنے والی فلم ‘ایمرجنسی’ ہے، جس کی ہدایت کاری انہوں نے خود کی ہے۔ سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی پر بنائی گئی یہ فلم 6 ستمبر 2024 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔