شوبز

کنگنا رناوت کی”ایمرجنسی ” کی گھمبیرتا مزید بڑھ گئی

اسکینڈل کوئن پھر سے مصیبت کے بھنور میں سے کیسے نکل پائیں گی؟

لاہور(شوبزڈیسک)بالی وڈ کی اسکینڈل کوئن اداکارہ و بھارتیا جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت ایک مرتبہ پھر اپنی متنازع فلم ایمرجنسی کی بدولت تنازع کا شکار ہوگئیں۔اداکارہ کنگنا رناوت کی آنے والی فلم ایمرجنسی کی 14 اگست کو ریلیز روکنے کے بعد بھی فلم کی ریلیز کا تنازع حل نہ ہوسکا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سکھ برادری کے کچھ اہم رہنماں کی جانب سے فلم ایمرجنسی پر سکھوں سے متعلق چند مناظر پر سخت اعتراضات کا اظہار کیا گیا ہے جس کے بعد فلم کو جانچ پڑتال کے دائرے میں لایا گیا ہے۔

بھارتی سکھ برادری کی جانب سے شدید مظاہروں کے ذریعے اس بات کا مطالبہ کیا گیا کہ فلم ایمرجنسی میں سکھوں سے متعلق قابل اعتراض مناظر کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔اپنے مظاہروں میں سکھ برادری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کنگنا اور فلم میکرز کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ سکھوں کے جذبات مجروح کرنے پر سکھ برادری سے معافی مانگیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مبینہ طور پر کمیونٹی لیڈروں کو یقین دلایا ہے کہ ریاست حکومت قانونی مشاورت کے بعد فلم کی ریلیز پر پابندی لگانے کے امکان کا جائزہ لے گی۔

صرف یہی نہیں اسی ضمن میں حال ہی میں تلنگانہ سکھ سوسائٹی کے18 ارکان پر مشتمل ایک وفد نے سابق آئی پی ایس افسر تیج دیپ کور مینن کی قیادت میں حکومتی مشیر محمد علی شبیر سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات کے دوران، وفد نے ایک رسمی اپیل جمع کروائی جس میں فلم میں سکھ برادری کی غلط تصویر کشی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ وفد نے دلیل دی کہ فلم ایمرجنسی میں سکھوں کو بھارت کی مخالف کمیونٹی کے طور پر پیش کرنا نہ صرف جارحانہ طرزِ عمل ہے بلکہ کمیونٹی کی ساکھ اور سماجی حیثیت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

سکھ کمیونٹی کے خدشات کا جواب دیتے ہوئے حکومتی مشیر محمد علی شبیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے مسئلہ چیف منسٹر ریڈی کے علم میں لایا ہے جس پر چیف منسٹر نے اشارہ دیا کہ ریاستی حکومت قانونی مشورہ لینے کے بعد اس معاملے پر فیصلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی (جو بھارت میں گوردواروں کے انتظام کے لیے ذمہ دار اعلی ادارہ ہے) کی جانب سے بھی کنگنا رناوت سمیت فلم کے پروڈیوسرز کو ایک قانونی نوٹس جاری کیا گیا۔

تھپڑ واقعہ، کنگنا اوردلجیت کے جھگڑے کی ایک بار پھر گونج
نوٹس میں فلم ایمرجنسی کے میکرز پر الزام عائد کیا گیا کہ فلم میں سکھوں کی تاریخ کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے اور اس میں ایسے مناظر بھی شامل ہیں جنہوں نے سکھ برادری کے جذبات کو سخت مجروح کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button