کینسر میں مبتلاحنا خان نے اپنی کٹی زلفوں کو کار آمد کیسے بنایا؟
انہوں نے کیموتھراپی کیلئے بال کٹواتے ویڈیو اپ لوڈ کی جسے دیکھ کر مداح اشکبار ہوگئے تھے
لاہور(شوبزڈیسک)بھارتی اداکارہ حنا خان نے بریسٹ کینسر کی تشخیص کے بعد ٹریٹمنٹ کیلئے اپنے بال کٹوانے کے بعد اس کی وِگ بنوالی۔انٹرٹینمنٹ چینل اسٹار پلس کے ڈرامے یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے میں اکشرانامی کردار بخوبی نبھانے والی اداکارہ حنا خان میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی جس کے حوالے سے انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ جاری کی اور طویل نوٹ لکھ کر اس جنگ کو لڑ کر جیتنے کیلئے پرعزم ہونے کا ارادہ کیا۔
اس پوسٹ کے جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ساتھی فنکاروں اور مداحوں نے دعائیہ کمنٹس کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔حنا خان نے کینسر کے علاج کا آغاز ہونے کے حوالے سے بھی ایک پوسٹ سوشل میڈیا کی زینت بنائی جس کے بعد کیموتھراپی کیلئے انہوں نے اپنے بال کٹواتے ہوئے بھی ایک ویڈیو بنائی اور انسٹاگرام پر جاری کی جس کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی اشکبار ہوگئے۔حنا خان ویڈیو میں اپنی حسین زلفیں کٹواتی نظر آئیں جس کو دیکھ کر ان کی والدہ بھی رو پڑیں لیکن حنا خان نے اپنے جذبات پر قابو رکھا۔
اب سوشل میڈیا پر ایک خبر زیرِگردش ہے کہ حنا خان کے اپنے بالوں کو ضائع کرنے کے بجائے انکی وِگ تیار کروائی اور اس کو پہن رہی ہیں۔اداکارہ کے انسٹاگرام اکانٹ پر ان کے کینسر کی تشخیص کا اعلان سے قبل چند پوسٹ دیکھی جاسکتی ہیں جن میں وہ نئے ہیئر اسٹائل میں نظر آئیں۔حنا خان ان پوسٹس میں بینگز میں نظر آئیں جس کے حوالے سے اب انکشاف کیا جارہا ہے کہ وہ وِگ ہے اور یہ کوئی عام وِگ نہیں بلکہ حنا خان کے خود ہی کے بالوں سے تیار کی گئی ہے۔