گاڑی کی نمبر پلیٹ پرIK-804لکھوانے والاٹک ٹاکر دھر لیا گیا
ٹک ٹاکر کے خلاف اے ایس آئی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا
لاہور(شوبزڈیسک)لاہور پولیس نے معروف پاکستانی ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کو گاڑی پر جعلی نمبرپلیٹ لگانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف ندیم نانی والا کی گاڑی کی ڈیفنس کے مین بلیوارڈ کے قریب ناکے پر چیکنگ کی گئی تو نمبر پلیٹ جعلی نکلی۔ٹک ٹاک پر 13 ملین فالوورز والے ٹک ٹاکر نے اپنی لگژری گاڑی پر IK-804کی جعلی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی، جو اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کا قیدی نمبر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ندیم مبارک نے جان بوجھ کرگاڑی پر یہ نمبر پلیٹ لگائی اور غلط نمبر پلیٹ لگانے پر ندیم کو حراست میں لیا گیا۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم ندیم نانی والا مہنگی ترین گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر 2 سال سے گاڑی استعمال کر رہا تھا،جانچ پڑتال میں معلوم ہوا مذکورہ گاڑی 2022 سے رجسٹرڈ ہی نہیں تھی۔
ڈیفنس پولیس نینمبر پلیٹ کو جعلی قرار دے کر گاڑی کو قبضہ میں لے لیا اور اس کے مالک کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ہے۔علاوہ ازیں پولیس نے اے ایس آئی خالد محمود کی مدعیت میں ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ندیم مبارک سلاخوں کے پیچھے پہنچے ہوں۔ مشہور ٹک ٹاکر کو سال 2022 کے آخر میں ایک یوٹیوبر احمد علی کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے پر بھی ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ندیم نانی والا ٹک ٹاک پر مہنگی گاڑیاں استعمال کرنے اور اپنی دولت کی نمائش کرنے سے مشہور ہیں، وہ اکثر اوقات آئی فون بانٹنے کے دعوے بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ٹک ٹاکر کی گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف کے ہمدردوں کی جانب سے لاہور پولیس کو طنز و تشنیع کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔کچھ سوشل میڈیا صارفین نے یہ دعوی بھی کیا کہ پولیس کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹ جعلی ہے جبکہ ٹک ٹاکر کا موقف ہے کہ انہوں نے یہ خاص نمبر پیسے دے کر حاصل کیا تھا۔