ہانیہ اور فہد کا کونسا ڈرامہ ڈرامہ بھارت میں مقبول
شرجینا اور مصطفی نے بھارتی ناظرین کو بھی دیوانہ بنا لیا
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستانی ڈراما کبھی میں کبھی تم اپنی شاندار و منفرد اسکرپٹ کے سبب بھارت میں بھی شہرت کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب ہوگیا۔10 سال ڈراموں سے دوری اختیار کرنے کے بعد فہد مصطفی نے ڈراما کبھی میں کبھی تم سے ڈراموں کی دنیا میں ری انٹری دی۔کبھی میں کبھی تم میں فہد مصطفی کو مصطفی نامی لا ابالی لڑکے کا کردار نبھاتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ انکے مدِ مقابل ہانیہ عامر کو شرجینا نامی ہونہار لڑکی کے کردار میں دیکھا جاسکتا ہے۔
ڈرامے کی کہانی میں شرجینا اور مصطفی کی جوڑی کہانی میں آنے والے حیران کن موڑ کے سبب بنتی ہے جس کے بعد دونوں کا رشتہ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط ہوتا چلا گیا۔کبھی میں کبھی تم میں فہد مصطفی کو ایک انوکھے کردار میں دیکھا جاسکتا ہے جو فی الحال پاکستانی ڈراموں میں دکھائی دینے والے روایتی مردوں سے کافی ہٹ کر ہے اور سونے پر سہاگا اس کردار کو فہد مصطفی اس خوبصورتی اور حقیقت پسندی سے نبھارہے ہیں کہ ناظرین داد دینے پر مجبور ہوچکے ہیں۔
ڈرامے کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی ہے، ہدایتکاری کے فرائض بدر محمود نے سرانجام دیے ہیں جبکہ پروڈیوس فہد مصطفی اور ڈاکٹر علی کاظمی نے کیا ہے۔ڈرامے کی کاسٹ میں ہانیہ عامر اور فہد مصطفی کے علاوہ عماد عرفانی، زینب مظہر، مایا خان، جاوید شیخ، بشری انصاری و دیگر فنکار شامل ہیں۔ڈرامے کو ناظرین کی جانب سے شاندار رسپانس مل رہا ہے جبکہ ڈرامے کی 11ویں قسط یوٹیوب پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔ یہ قسط صرف ایک دن کے اندر 6.5 ملین ویوز حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی یکساں رسپانس دیکھنے کو مل رہا ہے۔
بنگلادیش کے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی یہ دعوی کیا جارہا ہے کہ کبھی میں کبھی تم ان کے ملک میں بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔ڈرامے کے ہیرو فہد مصطفی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا جو اس بات کا دعویدار ہے کہ ڈراما پاکستان اور بھارت میں پہلے نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ایک اور اسکرین شاٹ بھی فہد مصطفی نے شیئر کیا جو اس بات کی نشاندہی کر رہا ہے کہ ڈرامے کی 11ویں قسط دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔واضح رہے کہ ڈراما کبھی میں کبھی تم میں نہ صرف فہد مصطفی کی اداکاری کو پسند کیا جارہا ہے بلکہ فہد مصطفی اور ہانیہ عامر کی جادوئی کیمسٹری کو بھی بے انتہا پسند کیا جارہا ہے۔