شوبز

ہنی سنگھ کے ساتھ وہاب بگٹی اور صاحباں کے گیت آ گئے

وہاب بگٹی نے ہنی سنگھ کے ساتھ ان کے گانے بیبا میں اپنی آواز کا جادو جگایا

لاہور(شوبزڈیسک)کوک اسٹوڈیو پاکستان سے شہرت حاصل کرنے والے بلوچی فوک گلوکار وہاب بگٹی اور سندھی لوک فنکارہ صاحبان کے بھارتی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ گانے ریلیز کردیے گئے۔وہاب بگٹی اور صاحبان نے پہلی بار کسی بھی بھارتی یا کسی غیر ملکی گلوکار کے ساتھ کام کیا ہے۔دونوں گلوکاروں نے ہنی سنگھ کے گانوں میں اپنی منفرد آواز میں گلوکاری کرکے موسیقی کے عالمی شائقین کو محظوظ کیا۔

وہاب بگٹی نے ہنی سنگھ کے ساتھ ان کے گانے بیبا میں اپنی آواز کا جادو جگایا، جس میں اٹلی کے ایک گلوکار نے بھی ان کا ساتھ دیا ۔بیبا انگریزی، ہندی، فرانسیسی اور بلوچی زبان کا مکسچر ہے، جس میں ریپنگ سمیت لوک گلوکاری کا تڑکا بھی لگایا گیا۔اسی طرح سندھی لوک گلوکارہ اور کوک اسٹوڈیو کے گانے آئی آئی سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ صاحبان نے ہنی سنگھ کے ساتھ ان کے گانے ریپ گاڈ میں کام کیا۔

ریپ گاڈ بھی ہندی، پنجابی، انگریزی اور سندھی سمیت دیگر زبانوں کا مکسچر ہے اور صاحبان نے اس میں سندھی زبان میں لوک گلوکاری کی ہے۔یو یو ہنی سنفگھ کے البم میں مجموعی طور پر 18 گانے شامل ہیں، جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے گلوکار بھی ان کے ساتھ گلوکاری کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس البم کی فوری طور پر ویڈیوز ریلیز نہیں کی گئی ہیں۔

ٹی سیریز کے تحت ریلیز کیے گئے میوزک البم کی آڈیو کو کافی سراہا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ وہاب بگٹی کا تعلق صوبہ بلوچستان کے شہر سبی سے ہے اور انہیں کوک اسٹوڈیوز سیزن 14 کے بلوچی گانے کنا یاری سے شہرت ملی تھی۔اسی طرح صاحبان کا تعلق صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھر سے ہے اور انہوں نے کوک اسٹوڈیو سیزن 15 میں سندھی گانا آئی آئی گایا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button