بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن، چند کی روز میں ہزاروں افراد گرفتار
گزشتہ 15 روز کے دوران ملک بھر میں بجلی چوروں پر 15 ہزار مقدمات درج ' 2 ہزار 301 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے
لاہور(جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن، چند ہی دنوں میں ہزاروں افراد گرفتار، بجلی چوروں کے خلاف پاور ڈویژن اور انتظامیہ کی کارروائیاں مزید تیز ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف پاور ڈویژن اور انتظامیہ کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ سیکرٹری پاور ڈویژن کے مطابق گزشتہ 15 روز کے دوران ملک بھر میں بجلی چوروں پر 15 ہزار 47 مقدمات درج جبکہ 2 ہزار 301 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک بجلی چوروں سے 7 ارب 88 کروڑ روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کی کارکردگی بہترین رہی ہے جہاں 5 ہزار 878 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 471 گرفتاریاں اور 2 ارب روپے سے زائد رقم ریکور کی گئی۔
ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 3 ہزار 889 مقدمات میں 689 افراد کو گرفتار کیا، ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی نے گزشتہ 15 روز میں 8 بجلی چوروں کو گرفتار جبکہ 37 مقدمات درج کئے۔ دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم توانائی شعبے میں اصلاحات کی جارہی ہیں، آنے والے دنوں میں بجلی کے بل نسبتا کم ہوں گے،یہ ماڈل نہیں چل سکتا کہ حکومت مہنگی بجلی بنائے، پھر وہ چوری ہوجائے، جس کے نتیجے میں سود بڑھتا ہے، آئی پی پیز بجلی بنائے یا نہ بنائے ہم نے ادائیگی کرنی ہے۔