جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کی بھرمار، شہریوں نے ایک چالان سے بچنے کیلئے انوکھا طریقہ اپنا لیا، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
لاہور (فیض احمد) صوبائی دارالحکومت میں گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹس لگانے کے رجحان میں کمی نہ آ سکی۔ جس کے باعث گاڑیوں کے ای چالان اصل گاڑیوں کے مالکان کو ان کے گھروں میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ گاڑیوں پر بوگس نمبر پلیٹس لگانے والے افراد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ای چالان سے بچ جاتے ہیں ۔ذرائع کے مطابق گاڑی نمبر اے ایل جے۔174 بابر رضا نامی شخص کے نام ہے جبکہ اسی۔نمبر کی گاڑی شہر کی سڑکوں پر رواں دواں ہے گاڑی پر بوگس نمبر پلیٹ لگائی گئی ہے ۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ای چالان گاڑی کے مالک بابر رضا کو ان کے گھر بجھوا دیا گیا ہے جس پر مذکورہ شہری نے جب چھان بین کی تو انکشاف ہوا کہ اس کی گاڑی کا نمبر کوئی اور شہری اپنی گاڑی پر بوگس نمبر لگا کر استعمال کر رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق بابر رضا نامی شہری نے اس حوالے سے سیف سٹی اتھارٹی سے بھی رابطہ کر لیا ہے اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا ہے کہ اس کی گاڑی کا نمبر اور کوئی شہری اپنی گاڑی پر بوگس نمبر لگا کر استعمال کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے جزل ہولڈ اپ کے دوران گاڑیوں پر بوگس او4 غیر نمونہ نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے اسی طرح ٹریفک پولیس کی بھی گاڑیوں پر بوگس نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور گاڑیوں کے مالکان کے خلاف ایکشن بھی لیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود گاڑیوں پر بوگس نمبر پلیٹس لگانے کے رجحان میں کمی نہیں آ سکی۔واضع رہے کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹوں کے بحران کے باعث لوگوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے سابقہ دور حکومت میں کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹوں کے پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے کئی لوگوں نے اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کرانے کی بجائے بوگس نمبر پلیٹس لگا کر ان کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں ای چالان گاڑیوں کے اصل مالکان کو بجھوا دیئے جاتے ہیں جس پر مذکورہ افراد ای چالان دیکھ کر پریشان ہو جاتے ہیں کہ انہوں نے تو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی اور بعد ازاں پتہ چلتا ہے کہ ان کی گاڑی کا نمبر لگا کر کوئی اور شہری اپنی گاڑی استعمال کر رہا ہے۔جبکہ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ جزل ہولڈ اپ کے دوران اگر بوگس نمبر پلیٹ والی گاڑی پکڑی جائے تو کارروائی کی جاتی ہے اور گاڑی کی رجسٹریشن کر کے نمبر الاٹ کیا جاتا ہے۔