دھند کی شدت میں اضافہ ،موٹرویز بند
دھند کی وجہ سے ایم 2 لاہورسے اسلام آباد، ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک بند ہے ،اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر راہولی، گکھڑ، وزیر آباد سے گجرات تک شدید دھند ہے
لاہور(کھوج نیوز)ملک بھر میں سردی کی لہر جاری ہے ۔صوبہ پنجاب میں شدید سردی ہونے کی وجہ سے دھند کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔پنجاب کے مختلف موٹرویز پر دھند کی شدت معمول سے زیادہ ہوگئی ہے، ایم 2 لاہورسے اسلام آباد شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا۔ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد نے بتایا کہ ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک دھند کی وجہ سے بند ہے، گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر راہولی، گکھڑ، وزیر آباد سے گجرات تک شدید دھند ہے۔
گوجرانوالا ایکسپریس وے کو بھی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے، جہلم، حافظ آباد اور گردونواح میں شدید دھند کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ترجمان موٹر وے نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، روڈ یوزرز دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔