سردیوں کا آغاز، لاہور میں گیس پریشر کی کمی، گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار
لاہور کے علاقوں جیسے گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، اندرون شہر، مسلم ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور صحافی کالونی کے رہائشیوں کو گیس کی کمی کا سامنا ہے
لاہور(کھوج نیوز)سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی میں مزید کمی واقع ہو گئی ہے، جس سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لاہور کے علاقوں جیسے گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، اندرون شہر، مسلم ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور صحافی کالونی کے رہائشیوں کو گیس کی کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے وہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ایم ڈی، عامر طفیل کا کہنا ہے کہ سردیوں میں گیس کی مانگ تین گنا بڑھ جاتی ہے، اور کمپنی کی کوشش ہوتی ہے کہ کھانے کے اوقات میں گیس کا پریشر بہتر ہو۔ تاہم، صارفین کا کہنا ہے کہ ان کے علاقوں میں گیس کی فراہمی یا تو بالکل نہیں ہو رہی یا پھر کم پریشر کی شکایت ہے، جس کی وجہ سے انہیں مہنگی ایل پی جی اور لکڑیاں استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
گھریلو صارفین نے یہ بھی بتایا کہ گیس کی کمی کی وجہ سے اسکول جانے والے بچے اکثر ناشتے سے بھی محروم رہ جاتے ہیں، اور ان کی شکایت ہے کہ بل تو باقاعدگی سے آ رہے ہیں مگر گیس نہیں مل رہی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جن علاقوں میں گیس کا پریشر کم ہے، وہاں کا سروے کرایا جائے اور گیس کی فراہمی معمول کے مطابق یقینی بنائی جائے۔