ضلع کچہری میں کمیشن مافیا کا راج، اسلحہ لائسنس برانچ نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے
اسلحہ لائسنس بنوانے کے لئے 30 سے 35 ہزار ریٹ مقرر، لائسنس کا پرانی تاریخوں میں اندارج ، برانچ کا عملہ منہ مانگی رقم وصول کرنے لگا، افسران منتھلیاں لیکر خاموش

لاہور(محمد راشد سعید) صوبائی دارالحکومت میں قائم سب سے بڑی ضلع کچہری میں کمیشن مافیا کا راج، ہر کام کے ریٹ مقرر، پیسے دو اور دو نمبر کام بھی ایک نمبر طریقے سے کروائیں، افسران نے منتھلیاں لے کر چپ سادھ لی۔
کھوج نیوز ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں قائم سب سے بڑی ضلع کچہری جہاں پر روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں کے حساب سے سائلین اپنے کام کروانے کے لئے آتے ہیں لیکن اس کچہری میں کمیشن مافیا نے اپنے ڈھیرے جمائے ہوئے ہیں اور سائلین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع کچہری میں قائم اسلحہ لائسنس برانچ کرپشن کی دوڑ میں سبقت لے گئی ، پنجاب حکومت کی جانب سے اسلحہ لائسنس بنانے پر پابندی کے باوجود بھی کچہری میں موجود ٹائوٹ اسلحہ لائسنس بنوانے کے عوض سائلین سے منہ مانگی رقم وصول کرتے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹائوٹ مافیا نے اسلحہ لائسنس بنوانے کے لئے مختلف ریٹ مقرر کیے ہوئے ہیں فی لائسنس بنوانے کے لئے 30سے 35ہزار روپے وصول کیے جانے لگے ۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ضلع کچہری سے جو اسلحہ لائسنس بنوایا جاتا ہے وہ پرانی تاریخوں میں بنایا جاتا ہے اور اس کا اندراج باقاعدہ طور پر اسلحہ لائسنس برانچ میں موجود رجسٹرڈ میں بھی کر دیا جاتا ہے ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضلع کچہری میں تعینات کمیشن مافیا نے اسلحہ لائسنس برانچ میں تعینات عملے سے ملی بھگت کی ہوئی ہے جبکہ اسلحہ لائسنس برانچ میں تعینات عملہ اپنی کمیشن لے کر دو نمبر کام کو ایک نمبر طریقے سے کر دیتے ہیں۔