موت کا خوف، پنجاب پولیس کا کچے ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن سے صاف انکار
اہلکاروں نے اپنے متعلقہ انچارج کو جواب دیا کہ ہم اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہیں مگر کسی بھی صورت کچے کے علاقے میں ہونے والے آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے
لاہور(کھوج نیوز) موت کا خوف سر پر منڈلانے لگا، پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے راجن پور کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن سے انکار کردیا اور راستے میں اتر گئے۔
تفصیلات کے مطابق فاروق آباد کانسٹیبلری سے کچے میں آپریشن کے لئے روانہ کیے گئے 25 اہلکاروں نے راستے میں کچے کے علاقے جانے سے انکار کیا اور چار روز قبل ظاہر پیر انٹرچینج کے قریب بس سے اتر کر چلے گئے تھے۔ اہلکاروں نے اپنے متعلقہ انچارج کو جواب دیا کہ ہم اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہیں مگر کسی بھی صورت کچے کے علاقے میں ہونے والے آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے۔ 25 اہلکاروں کے رویے اور انکار پر متعلقہ انچار نے ایک رپورٹ تیار کر کے متعلقہ افسران کو بھیجی جس میں مذکورہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ ادھر آئی جی پنجاب عثمان انور نے متبادل اہلکاروں کو روانہ کیا، جس پر نفری رحیم یار خان پہنچ گئی ہے۔ عثمان انور نے کہا کہ کچے میں نفری پوری ہے اور اب کوئی اہلکار غیر حاضر نہیں ہوگا۔