دعا نے والدکے خلاف استغاثہ دائر کردیا، والد اور کزن پر اغوا کا الزام
پاکپتن سے ملنے والی کراچی کی رہائشی دعا زہرہ نے نکاح کے بعد والد کے خلاف استغاثہ دائر کردیا۔
دعا زہرہ نے والد پر لاہور میں واقع گھر میں گھسنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ والد میرے کزن زین العابدین سے میری زبردستی شادی کرانا چاہتے تھے۔
دعا نے والد اور کزن پر اغوا کی کوشش کا بھی الزام لگاتے ہوئے کہا ہےکہ 18 اپریل کو والد مہدی کاظمی اور کزن زین العابدین اچانک گھرمیں گھس آئے اور اس دوران والد اور کزن نے مجھ سے اور میرے خاوند سے گالم گلوچ کی اور ہمیں دھمکیاں دیں۔دعا کا کہنا تھا کہ والد اور کزن نے مجھے میرے گھر سے اغوا کرنے کی کوشش بھی کی لیکن اہل محلہ کے جمع ہونے پر دونوں کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔دعا نے مؤقف اپنایا کہ میں نے اپنی پسند سے شادی کی ہے، اپنے خاوند کے ساتھ ہنسی خوشی رہ رہی تھی اور خاوند کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں جب کہ باپ اور کزن کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔
مجسٹریٹ کی عدالت نے دعا زہرا کو والد کے خلاف شواہدپیش کرنے کے لیے 18 مئی کوبلالیا۔