ٹک ٹاک کے لئے ڈولی نے جنگل میں آگ لگادی؛مقدمے کی درخواست
محکمہ ماحولیات سی ڈے اے اسلام آباد نے لاہور سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاکر نوشین سید المعروف ڈولی کی جانب سے جنگل میں آگ لگانے پر مقدمے کے اندراج کی درخواست دے دی۔
محکمہ ماحولیات نے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمے کے اندراج کے لئے درخواست دی ہے۔ درخواست اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروٹیکشن شعبہ ماحولیات کی جانب سے دی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاکرکی جانب سےمبینہ طورپرمارگلہ ہلز نیشنل پارک کے علاقےمیں آگ لگائی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی آتشزدگی کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں لہٰذا خاتون ٹک ٹاکر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
دوسری جانب مشہور لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک نے بھی مارگلہ کی پہاڑیوں پرٹک ٹاکرز کی جانب سے مبینہ آگ لگانے پر وضاحت جاری کی ہے۔
ترجمان ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ خطرناک یا غیرقانونی رویئے کو فروغ دینے والا مواد ہماری کمیونٹی گائیڈلائنز کی خلاف ورزی ہے، ہمارے پلیٹ فارم پر ایسے مواد کی کوئی جگہ نہیں۔