کھیل

ایم سی سی نے پہلے میچ میں لاہور قلندر کو پچھاڑ دیا

لاہور قلندرز نے 135 رنز بنائے‘ ایم سی سی نے 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا

میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی)کی ٹیم نے دورہ پاکستان کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایم سی سی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے سلمان بٹ اور فخر زمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز بنائے اور سلمان بٹ 28رنز بناکر رن آٹ ہوئے۔فخر زمان اور سہیل اختر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔

فخر زمان 45 اور سہیل اختر 40 رنز بناکر نمایاں رہے، ایم سی سی کی جانب سے روئے لوف نے 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایم سی سی کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر ول روڈز اور مائیکل 13 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان کمار سنگاکارا، روی بوپارا اور سمت پٹیل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت ایم سی سی نے آخری اوور کی تیسری گیند پر6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور یوں 4 وکٹوں سے قلندرز کو شکست دی۔ روی بوپارہ 41، سمت پٹیل 31 اور سنگاکارا 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کے محمد فیضان نے 2، عثمان شنواری، معاذ خان، دلبر حسین اور فرزان راجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Tags
Back to top button
Close