کھیل

ڈیپارٹمنٹل کرکٹ،وزیراعظم نےتجویزمستردکردی

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ مصباح الحق،اظہرعلی اورمحمد حفیظ کوسمجھایا ہے

وزیراعظم عمران خان نےڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی تجویزمسترد کردی۔ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان، کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم، ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے کھلاڑیوں کی ملاقات میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے سے متعلق مشاورت کی گئی، سابق کرکٹرز نے موقف اپنایا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے سے مقامی کھلاڑی بے روزگار ہوئے تاہم وزیراعظم نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی تجویز مسترد کردی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریجنل کرکٹ سب سے بہترین ڈومیسٹک اسٹرکچر ہے، پرانا ڈومیسٹک اسٹرکچر ختم ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات کا اندازہ ہے، اگر کرکٹ ٹھیک کرنی ہے تو ڈومیسٹک ریجن کرکٹ واحد حل ہے، جب نظام بدلتا ہے تو یکدم نتائج نہیں آتے، نئے ڈومیسٹک ڈھانچے سے حقیقی ٹیلنٹ اوپر آئے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اتنا ٹیلنٹ دنیا کے کسی ملک میں نہیں دیکھا، کلب کرکٹ سے براہ راست کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہوتے ہیں، اس ٹیلنٹ کو اوپر لانے کے لیے ایک بہتر سسٹم کی ضرورت ہے، جتنی مقابلے کی فضا ہوگی، اتنے ہی بہترین کرکٹرز سامنے آئیں گے جب کہ ایسا سسٹم آسٹریلیا میں نظر آتا ہے۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ مصباح الحق،اظہرعلی اورمحمد حفیظ کوسمجھایا ہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچرکیلیے اصلاحات میں مشکلات پیش ہوگی مگراس کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے، کسی بھی سسٹم کوموثربنانے کے لیے وقت درکارہوتا ہے۔

Back to top button