کھیل

نوجوان کرکٹرز نےسلیکٹرزکی توجہ حاصل کرلی

قومی کرکٹ ٹیم کی اگلی آزمائش زمبابوے سےہوم ون ڈے و ٹی ٹوئنٹی سیریزہے، پھراسے نیوزی لینڈ جانا ہوگا

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں اب تک بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالےنوجوان کرکٹرزعبداللہ شفیق،ذیشان اشرف اورذیشان ملک سلیکٹرزکے ریڈارپرآگئے۔ قومی کرکٹ ٹیم کی اگلی آزمائش زمبابوے سےہوم ون ڈے و ٹی ٹوئنٹی سیریزہے، پھراسے نیوزی لینڈ جانا ہوگا،ان مقابلوں کیلیےممکنہ اسکواڈ کا اعلان رواں ماہ کےدوسرے ہفتےمیں متوقع ہے۔ دونوں سیریزکے لیے ایک ساتھ ہی کھلاڑیوں کا اعلان کرنے کی تجویزہے تاکہ کورونا پروٹوکولزکویقینی بنانےکےساتھ نیوزی لینڈ روانگی کیلیے سفری دستاویزات کی بروقت تکمیل میں آسانی ہو۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کےدوران ملتان میں موجود ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹرمصباح الحق نےدونوں سیریزکیلیےممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست پر ساتھیوں سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

ذرائع کےمطابق نوجوان کرکٹرزعبداللہ شفیق،ذیشان اشرف اورذیشان ملک کو 36 رکنی دستےکا حصہ بنانےپراتفاق پایا جاتا ہے، تینوں نےاب تک قومی ایونٹ میں بہترکارکردگی سےسب کےدل جیتےہیں، اس سےپہلےڈومیسٹک سیزن میں بھی ان کا ریکارڈ خاصا متاثرکن رہا۔زمبابوے کےخلاف سیریزمیں سینئرزکی جگہ چند نئےچہروں کوآزمانےکا عندیہ مصباح الحق پہلےہی دے چکےہیں۔ دورہ انگلینڈ میں نظراندازہونے والےلیگ اسپنرعثمان قادرکی واپسی ہوگی۔ دورۂ نیوزی لینڈ کےلیےٹیسٹ اسکواڈ میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان دکھائی نہیں دے رہا، انگلینڈ سےسیریزکےلیےمنتخب بیشترکرکٹرزشامل ہوں گے۔ سینئرٹیم کوکیویزسے2 ٹیسٹ اور3 ٹی ٹوئنٹی میچزکی سیریزکھیلنا ہے، پاکستان اے کے 2چارروزہ اور 6 ٹی ٹوئنٹی مقابلےبھی شیڈول ہیں، اس کیلیےبھی کھلاڑیوں کےناموں پرغورکیا جا رہا ہے۔

Back to top button