کھیل

چوکوں، چھکوں کی برسات نے راولپنڈی کا رخ کر لیا

چوکوں، چھکوں کی برسات نے راولپنڈی کا رخ کرلیا جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا ملتان میں شیڈول پہلا مرحلہ ناردرن کی برتری کے ساتھ ختم ہوا، خیبرپختونخوا دوسرے، بلوچستان تیسرے، سندھ چوتھے، سینٹرل پنجاب پانچویں اور سدرن پنجاب چھٹے نمبر پر رہی، دوسرا راؤنڈ جمعے کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، اب تک ناقابل تسخیر ناردرن کی قیادت شاداب خان نے سنبھالی ہے۔

ہوم گراؤنڈ پر سینٹرل پنجاب کیخلاف کمان عماد وسیم سنبھالیں گے،وہ حال ہی میں انگلینڈ سے کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر واپس آئے ہیں، ٹیم کو حیدر علی، ذیشان ملک، علی عمران اور آصف علی جیسے بیٹسمینوں کی خدمات حاصل ہیں، وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر بھی فارم میں ہیں، آل راؤنڈر حماد اعظم اورسہیل تنویر بھی موجود ہیں، پیس بیٹری میں حارث رؤف ایونٹ کے دوسرے کامیاب ترین بولر ہیں، محمد عامر اور موسیٰ خان بھی ساتھ ہوں گے۔

دوسری جانب سینٹرل پنجاب کی ٹیم سعد نسیم کی قیادت میں ناکامیوں کا شکار رہی،انگلینڈ سے واپسی پر چند روز آرام کرنے والے بابر اعظم کپتانی کا چارج سنبھالنے کے ساتھ بیٹنگ کو بھی مضبوط سہارا دینے کی کوشش کریں گے۔ ان کو ایونٹ کے ٹاپ اسکورر عبداللہ شفیق، جارح مزاج وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل، عابد علی اور رضوان حسین کا ساتھ میسر ہوگا، سیکنڈ الیون سے ترقی پانے والے محمد اخلاق مڈل آرڈر کو مضبوط بنا سکتے ہیں،ظفر گوہر، عثمان قادر، احسان عادل، نسیم شاہ اور عثمان قادر بھی میدان میں اترنے کے لئے تیار ہیں۔

Back to top button