کھیل

خوشدل شاہ اورخرم منظور کےچوکوں چھکوں کی دھوم

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سنسنی خیز مقابلوں میں چھکے چوکوں کی برسات جاری ہے

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سنسنی خیز مقابلوں میں چھکے چوکوں کی برسات جاری ہے، ایونٹ کے 9 اکتوبر سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے کے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے 217 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ایونٹ کی رنگینی کو چار چاند لگادئیے۔ میچ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، جہاں سندھ کے اوپنر اور ایونٹ کے ٹاپ اسکورر خرم منظور نے 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیل کر سدرن پنجاب کو مشکلات کا دوچار کیا۔

جواب میں بنوں سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے 35 گیندوں پر دھواں دھار سنچری بناکر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، بائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز میں 9 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، یہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ اور کسی بھی پاکستانی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری ہے۔ اس شاندار میچ کے بعد پی سی بی ڈیجیٹل پر ان دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی سنچریوں اور پاور ہٹنگ کی صلاحیتوں پر تبادلہ خیال کیا۔ خوشدل شاہ نے اب تک ایونٹ کے 5 میچوںمیں 191 رنز بنائے ہیں، ان کی اوسط 38اعشاریہ20 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 207اعشاریہ60 کاہے۔

ایونٹ میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنانے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے5 میچوں میں 17 چوکے13 چھکے لگا ئے ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کے خلاف میچ میں محض 32 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کی وجہ سے سدرن پنجاب کی ٹیم مشکلات کا شکار تھی، مگر انہوں نے کریز پر جاتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ابتداء میں ہی باؤنڈریز ملنے کے باعث ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

خوشدل شاہ نے کہا کہ میدان میں چھکوں، چوکوں کی برسات کرتے ہوئے انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ قومی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں، جو اعتماد اس اننگز سے انہیں ملا، وہ ٹورنامنٹ میں اسے برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اننگز میں کریز پر آتے ہی ابتدائی باؤنڈریز ان کی پسندیدہ شاٹس ہوتی ہیں کیونکہ اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ خوشدل شاہ نے کہا کہ وہ قدرتی طور پر ایک پاور ہٹر ہیں، وہ پہلے جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر اور اب انگلینڈ کے اوئن مورگن کی ویڈیوزیو ٹیوب پر دیکھ کر پاور ہٹنگ کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی کوشش کرتے ہیں۔

خرم منظور اب تک ایونٹ کے پانچ میچوں میں 253 رنزبنائے ہیں،ان کی اوسط 50اعشاریہ60 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 141اعشاریہ34 کا ہے۔ ایونٹ میں ایک سنچری اور 2 نصف سنچری بنانے والے ٹاپ اسکورر،5 میچوں میں 31 چوکے 7 چھکے لگا چکے ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے خرم منظور نے کہا کہ وہ ہر ایونٹ سے پہلے نیٹ پر، اس فارمیٹ کی سخت پریکٹس کرتے ہیں اور ٹی20 کرکٹ میں ان کی پاور ہٹنگ صلاحیتوں کا راز بھی یہی ہے۔ خرم منظور کا کہنا ہے فاسٹ بولرز کو پیڈل سوئپ کرنا اور گیند کو کٹ کرنا انہیں بہت پسند ہےجبکہ انگلینڈ کے کیون پیٹرسن ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد انہوں نے زیادہ سے زیادہ رنز کا ہدف اسکور بورڈ پر سجانے کی حکمت عملی اپنائی تھی مگر خوشدل شاہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، اپنے کرکٹ کیرئیر میں ایسی اننگز بہت کم دیکھی۔

Back to top button