کھیل

وسیم اکرم پشاورمیں انسانی جانوں کےضیاع پرغمزدہ

لیجنڈ کرکٹرگزشتہ روزمدرسےمیں ہونےوالےدھماکےکےنتیجےمیں قیمتی جانوں کےضیاع پردل شکستہ ہیں

سابق لیجنڈ کرکٹروسیم اکرم گزشتہ روزمدرسےمیں ہونےوالےدھماکےکےنتیجےمیں قیمتی جانوں کےضیاع پردل شکستہ ہیں۔ سوئنگ کے سلطان نےپشاورواقعےپرشدید افسوس کا اظہارکرتےہوئےکہا کہ ہم ہمیشہ اُن لوگوں سےلڑتے رہیں گےجوپاکستان کی ساکھ کوتباہ کرنےکا ارادہ رکھتے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان وسیم اکرم نےدھماکےسےمتعلق اپنے جذبات کا اظہارکرتےہوئےمائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پراپنےپیغام میں لکھا کہ ’پشاورمیں قیمتی جانوں کےضیاع پرمیرا دل شکستہ ہے۔‘ وسیم اکرم نے لکھا کہ ’میری دعائیں اُن تمام سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس افسوساناک واقعے میں اپنے پیاروں کو کھویا اور جن کے عزیز زخمی ہوئے۔‘

سابق کرکٹر نے لکھا کہ  ’میں پشاور کے لوگوں اور غمزدہ قوم  سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔‘ اپنے پیغام میں اُنہوں نے لکھا کہ ’ہمارے ملک میں دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں اور ہم ان لوگوں سےہمیشہ لڑتے رہیں گے جو پاکستان کی ساکھ کو تباہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘ واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے رنگ روڈ پر دیرکالونی میں واقع مدرسہ جامعہ زبیریہ میں بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد شہید جبکہ 2 اساتذہ سمیت 112 افراد زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے 10 زخمی طلبہ کی حالت نازک ہے۔ دھماکے سے قریبی علاقہ لرز اٹھا اور مدرسے کی عمارت کو نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد مسجد میں نعرۂ تکبیر، اللّٰہ اکبر کے نعرے گونج اٹھے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت درسِ حدیث جاری تھا، اس دوران نامعلوم شخص مدرسے میں آیا جس نے ان کے قریب بیگ رکھا، جیسے ہی وہ اپنے جوتے لینے کے بہانے باہر نکلا دھماکا ہو گیا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں 7 کلو گرام وزنی دھماکا خیز مواد استعمال ہوا ہے۔

Back to top button