کھیل

لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ 5 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 5 کے ایلیمینیٹر ٹو میں ملتان سلطانز نے لاہورقلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا تاہم قلندرز کی پہلی وکٹ 46 رنز پر گری جس میں تمیم اقبال 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد سہیل اختر آئے اور محض 5 رنز بنانے کے بعد رائیلی روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔سہیل اختر کے بعد محمد حفیظ میدان میں آئے، انہوں نے اور فخر زمان نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا تاہم وہ بڑی شراکت داری قائم نہ کر سکے اور 94 کے مجموعے پر محمد حفیظ 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد فخر زمان بھی 46 رنز لیتھ کی بال پر سہیل تنویر کو کیچ دے بیٹھے۔

لاہور قلندرز کے بین ڈنک کا ڈنکا بھی کچھ خاص نہیں بجا اور وہ بھی محض 3 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد سمت پیٹل نے 26 رنز بنائے اور ڈیوڈ ویزے 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ قلندرز نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 182 رنز اسکور کیے اور مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے 2 جب کہ لیتھ، سہیل تنویر، محمد الیاس اور  جنید خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان سپر لیگ 5 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں کامیاب ہونے والی ٹیم فائنل میں کراچی کنگز سے مقابلہ کرے گی۔

Back to top button