کھیل

پی ایس ایل 2020 ڈریم ٹیم کا اعلان

جیوری کے مطابق اس ٹیم کی قیادت اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے سپرد کی گئی ہے

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2020 کی ڈریم ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے،جس میں لاہورقلندرزکے 6 اورکراچی کنگزکے 3 کھلاڑی شامل ہیں۔  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سےایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ چاررکنی جیوری نےٹیم آف دی پی ایس ایل 2020 کا اعلان کیا ہے۔ جیوری کےمطابق اس ٹیم کی قیادت اسلام آباد یونائیٹڈ کےکپتان شاداب خان کےسپرد کی گئی ہے۔ اس ٹیم کی دلچسپ بات یہ ہےکہ اس میں پی ایس ایل فائیوکی رنراپ ٹیم لاہورقلندرزکے 6 کھلاڑیوں کوشامل کیا گیا ہےجبکہ فاتح ٹیم کراچی کنگزکے 3 کھلاڑی اس کا حصہ بنے ہیں۔ اس کےعلاہ پشاورزلمی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا ایک ایک کھلاڑی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ لاہور قلندرز سے کرس لین، محمد حفیظ، بین ڈنک (وکٹ کیپر)، ڈیوڈ ویسا، شاہین آفریدی اور فخر زمان (12ویں کھلاڑی) کو شامل کیا گیا ہے۔

اس ٹیم میں کراچی کنگز کے بابر اعظم، محمد عامر اور ایلکس ہیلز جبکہ پشاور زلمی سے نوجوان بیٹسمین حیدر علی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے محمد حسنین اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان شامل ہیں جو اس ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔ پی سی بی کے مطاب اس ڈریم ٹیم کو جس چار رکنی جیوری نے منتخب کیا ہے اس میں کمنٹیٹر بازید خان، رمیز راجہ، عروج ممتاز اور ندیم خان شامل تھے۔ پی سی بی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کے انتخاب میں کرکٹ سے متعلق مختلف محرکات کو پیش نظر رکھا گیا، جن میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے میچ پر اثرات، کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹیم کا بہترین کمبی نیشن نمایاں ہیں۔ پی ایس ایل 2020 ڈریم ٹیم کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کا کپتان منتخب ہونا اعزاز کی بات ہے، تاہم افسوس ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل نہ کرسکی۔ شاداب خان نے آئندہ ایونٹ کے لیے بہترین کارکردگی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ 2020 کا اختتام کراچی کنگز کی فتح کے ساتھ ہوا تھا۔  عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پی ایس ایل 5 کے پلے آف میچز کو منسوخ کردیا گیا تھا، تاہم پی سی بی نے پاکستان میں اس وبا میں کمی کے بعد نومبر میں بقیہ میچز کروانے کا اعلان کیا تھا۔

Back to top button