کھیل

کراچی ٹیسٹ‘ پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح، دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی

پاکستان کی جانب سے اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے نعمان علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آٹ کیا

کراچی ٹیسٹ‘ پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح کے بعد قومی ٹیم نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیا گیا 88 رنز کا ہدف پاکستان نے باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عمران بٹ اور عابد علی نے کیا لیکن 22 کے مجموعے پر پہلے عابد علی اور پھر 23 رنز پر عمران بٹ آٹ ہو گئے۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد اظہر علی اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا تاہم فتح سے دو رنز کی دوری پر کپتان بابر اعظم 30 رنز بنا کر آٹ ہو گئے جبکہ اظہر علی 31 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔ فواد عالم نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ بہترین بیٹنگ پر بائیں ہاتھ کے بلے باز فواد عالم کو میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔

قبل ازیں کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 187 رنز 4 کھلاڑی آٹ پر شروع کیا تو مہاراج دو اور کوئنٹن ڈی کوک صفر رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ چوتھے روز کھیل کے آغاز سے ہی پاکستانی اسپنرز چھائے رہے اور جنوبی افریقی بلے بازوں کو جم کر بیٹنگ کا موقع ہی فراہم نہ کیا اور مہمان ٹیم کی باقی چھ وکٹیں صرف 58 رنز پر گر گئیں۔ پاکستانی اسپنرز کی شاندار بولنگ کے باعث جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 245 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 88 رنز کا ہدف ملا ہے۔ پاکستان کی جانب سے اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے نعمان علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ یاشر شاہ نے بھی 4 وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے دوسری اننگز میں ایڈن مارکرم 74 اور رسی وین ڈر سن 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ خیال رہے کہ جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 220 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے 378 رنز بنا کر 158 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button