کھیل

راولپنڈی ٹیسٹ :رضوان نےپاکستان کی ڈوبتی کشتی کوبچالیا

جنوبی افریقا پہلی اننگزمیں 201 رنزپرآؤٹ ہوگئی جب کہ قومی ٹیم نےدوسری اننگزمیں 8 وکٹ کے نقصان پر 243 رنز بنالیے

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان 272 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں مہمان ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو 71 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی جو محمد رضوان کی ذمہ دارانہ نصف سنچری کی بدولت اب 314 رنز تک پہنچ چکی ہے۔

چوتھے دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹ کے نقصان پر 129 رنزنامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ محمد رضوان 28 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور ان کے ساتھ حسن علی 5 رنز بنانے کے بعد ہی آؤٹ ہوگئے جس کے بعد رضوان نے اپنی ذمہ دارنہ اننگز جاری رکھتے ہوئے یاسر شاہ اور نعمان علی کے ساتھ اچھی شراکت داریاں قائم کرکے پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں کھڑا کردیا۔ اس دوران محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

قومی ٹیم کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف اوپننگ کرنے والے بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔ عمران بٹ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، عابد علی کی مزاحمت 13 رنز پر دم توڑ گئی۔ کپتان بابراعظم اس سیریز میں تیسرے بار لیفٹ آرم اسپنر مہاراج کا شکار بنے، وہ 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

لیفٹ آرم اسپنر جارج لنڈے نے قومی ٹیم کے بلے بازوں کو اپنے اسپین جال میں پھنسایا۔ اظہرعلی 33، فواد عالم 12 اور فہیم اشرف 29 اور یاسر شاہ 23 رنز بنانے کے بعد لنڈے کا شکار بنے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے جارج لنڈے نے 4 ، کیشو مہاراج نے 3 اور کگیسو رباڈا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان کوئنٹن ڈی کاک پہلی اننگز میں 29 رنز بناکرآؤٹ ہوئے، ویان ملڈر 33، جورج لنڈے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ڈین ایلگر 15، وان ڈیر ڈاسن کو کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے۔ فاف ڈپلسی 17 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے، ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹمبا باوما 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، نعمان علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد فہیم اشرف، کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 272 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بابراعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمران بٹ 15، عابد علی 6، اظہر علی 0، محمد رضوان 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8،8  رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے انرج نورجی نے 5  اور کیشومہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

کپتان بابراعظم نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ والی ٹیم کوہی برقراررکھا ہے، یہ ٹیسٹ بھی جیت کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب مہمان ٹیم نے لونگی نگیڈی کی جگہ آل راؤنڈر ویان ملڈر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں ہونے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی، جس کے پاکستان کوسیریز میں برتری حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button