کھیل

آخری میچ جیت کر پاکستان نے سیریز اپنے نام کر لی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے  گئے اس میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔قومی ٹیم کے کپتان کا یہ فیصلہ ابتدا میں بہترین ثابت ہوا جہاں قومی بولرز بالخصوص ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی کمر توڑ دی تھی۔

پاکستانی بولرز نے 48 کے مجموعے تک جنوبی افریقہ کے 6 جبکہ 65 پر ساتواں کھلاڑی بھی آؤٹ کردیا۔ایسے میں دوسرے اینڈ پر موجود جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ ملر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر ٹیم کا ٹوٹل 164 رنز تک پہنچا دیا۔ملر نے 45 گیندوں پر 5 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، انھوں نے فہیم اشرف کے آخری اوور میں 25 رنز بٹورے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمد نے 3 جبکہ عثمان قادر اور محمد نواز کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔ہدف کے تعاقب نے قومی بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور حیدر علی اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کے لیے 51 رنز بنائے۔

پہلے محمد رضوان نے 42 اور پھر کپتان بابر اعظم نے 44 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، تاہم وکٹیں گرنے کے باعث جنوبی افریقہ کا دباؤ بڑھتا گیا۔ایسے میں پہلے فہیم اشرف نے باؤنڈری لگا کر اور پھر محمد نواز نے گیند کو باؤنڈری پار پھینک کر پریشر کو کم کیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں حسن علی نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ٹیم کو میچ اور سیریز میں کامیابی دلوادی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button