کھیل

شاداب خان ٹیم کےساتھ اُڑان بھرنے کے لئے تیار

شاداب خان نے کہا کہ پی ایس ایل 5میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی

اسلام آباد یونائیٹڈ گذشتہ سیزن کی تلخ یادوں کوبھلا کرنئی اڑان بھرنے کے لیے تیارہے، کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 5میں اہم بولرز انجرڈ یا آؤٹ آف فارم رہے،اس بارغلطیاں نہیں دہرائیں گے۔  اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی،ہم اگلے سیزن کے لیے بیحد پْرجوش اوربہتر نتائج کے خواہاں ہیں،ٹیمیں اچھی بولنگ کی بدولت کامیابیاں حاصل کرتی ہیں، گذشتہ ایونٹ میں ہمارے چند بولرزکوانجریز ہوئیں، چند آؤٹ آف فارم بھی رہے، ان کو ردھم حاصل کرنے میں مسائل کا سامنا رہا، اس بار پوری کوشش کریں گے کہ گذشتہ سال کی غلطیاں نہ دہرائیں۔

شاداب خان نے کہا کہ حسن علی بہترین فارم میں ہیں، ڈومیسٹک مقابلوں میں اچھی کارکردگی کے بعد انھوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی شاندار کم بیک کیا،وہ ٹیم میں ایک اچھا اضافہ ثابت ہوں گے،حسن کے ساتھ فہیم اشرف بھی ایک ایسے پلیئر ہیں جو کبھی ہار نہ ماننے کا رویہ رکھنے ہیں،اس طرح کی سوچ سے آنے والی انرجی ہی ٹیموں کو کامیاب بناتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا اپنی صلاحیتوں پر یقین بڑھتا ہے، الیکس ہیلز نے بگ بیش لیگ میں زبردست فارم کا مظاہرہ کیا ہے،انھیں ایشیائی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ بھی حاصل ہے، ان سے ہمیں اچھی کارکردگی کی امیدیں ہیں۔ شاداب خان نے کہا کہ مجھے ڈومیسٹک کے بعد انٹرنیشنل میچز میں بھی قیادت کا اچھا تجربہ حاصل ہوچکا،وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی،میری فٹنس بھی بحال ہوچکی اور پی ایس ایل میں صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے کیلیے تیار ہوں۔

شاداب خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی محبت میں بائیوسیکیور ببل کی سختیاں گوارا ہیں،اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ان حالات میں رہنے کا خاصا تجربہ ہوچکا ہے،ہم ایک سال سے بائیو ببل میں رہ رہے ہیں،یہ ذہنی طور پر بھی مشکل لیکن حالات کے پیش نظر اسی صورتحال کو گوارا کرنا ہے،آپ کرکٹ سمیت کسی چیز سے بھی پیار کرتے ہوں تو اس کیلیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔

شاداب خان نے اس امید کا اظہار کیاکہ رومان رئیس بطور بولنگ کوچ بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے،کپتان نے کہا کہ پیسر انجریز کی وجہ سے گذشتہ 2سال میدان میں پرفارم نہیں کرسکے لیکن ان کے پاس بڑی ویری ایشن اور تجربہ ہے،اس کا اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان بولرز کو فائدہ ہوگا،ہمیں پوری امید ہے کہ رومانکی رہنمائی میں بولرز کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button