کھیل

دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم کو مودی کا نام دے دیا گیا

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جو تزئین و آرائش کے بعد یہاں ہونے والا پہلا میچ ہے

بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کو پہلے انٹرنیشنل میچ سے چند گھنٹے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام سے منسوب کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مودی کی آبائی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں سردار پٹیل کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے بعد گزشتہ برس اس کا افتتاح اس وقت کیا گیا تھا جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹرمپ کے ہمراہ اس اسٹیڈیم کا افتتاح کیا تھا۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جو تزئین و آرائش کے بعد یہاں ہونے والا پہلا میچ ہے۔ میچ سے چند گھنٹے قبل اس اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم رکھ دیا گیا۔ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا اعلان بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے کیا جو اسٹیڈیم میں منعقدہ خصوصی تقریب میں موجود تھے۔ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش پر 10 کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے اور اس کے حوالے سے دعوی کیا جارہا ہے کہ اسٹیڈیم میں موجود ہر تماشائی کو کسی بھی زاویے سے ایک جیسا ہی نظارہ ملتا ہے۔ اس اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 10 ہزار شائقین کی گنجائش ہے جس کی وجہ سے اسے دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم قرار دیا جارہا ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم کو حاصل تھا جہاں ایک لاکھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button