کھیل

اشفاق حسین نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کنٹرول چھوڑنے سے انکار کر دیا

18 ماہ پہلے فٹبال کی بہتری کی خاطر انتظامی چارج کمیٹی کے حوالے کیا تھا لیکن اب تک اس کمیٹی نے الیکشن کی جانب کوئی قدم نہیں اٹھایا

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف)کے ہیڈکوارٹرز پر براجمان اشفاق حسین گروپ نے کنٹرول فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کو الٹی میٹم دیا تھا کہ اگر بدھ کی رات 8 بجے تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کا انتظامی کنٹرول اس کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد نہیں کیا گیا تو پی ایف ایف پر پابندی لگادی جائے گی۔ فیفا کی جانب سے یہ الٹی میٹم گزشتہ ہفتے کو اشفاق حسین شاہ گروپ کی جانب سے پی ایف ایف دفاتر پر قبضے اور نارملائزیشن کمیٹی کے عہدیداران کو دفاتر سے بے دخل کیے جانے کے بعد جاری کیا گیا تھا۔ اشفاق حسین شاہ 2018 میں سپریم کورٹ کے حکم پر ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں پی ایف ایف کے صدر منتخب ہوئے تھے تاہم فیفا نے اس کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا اور 2019 میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے امور چلانے کیلئے نارملائزیشن کمیٹی قائم کردی گئی تھی۔

اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ انہوں نے 18 ماہ پہلے فٹبال کی بہتری کی خاطر انتظامی چارج کمیٹی کے حوالے کیا تھا لیکن اب تک اس کمیٹی نے الیکشن کی جانب کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ فیفا کے الٹی میٹم کے بعد انہوں نے کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی سے مشورہ کیا اور یہ اتفاق کیا کہ پی ایف ایف ہاس کا کنٹرول نہیں چھوڑنا، اب ہم ہی فٹبال چلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فٹبال کی بہتری چاہتے ہیں اور ان کے فیصلے میں کوئی بدنیتی نہیں لیکن جس طرح نارملائزیشن کمیٹی معاملات چلارہی تھی وہ انہیں قبول نہیں تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button