کھیل

قاسم اکرم قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کےکپتان مقرر

دورہ بنگلہ دیش کےلیےآل راؤنڈرقاسم اکرم کوقومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپ دی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےدورہ بنگلہ دیش کےلیےآل راؤنڈرقاسم اکرم کوقومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپ دی۔ پی سی بی سےجاری بیان میں کہا گیا کہ 18 سالہ قاسم اکرم نےگزشتہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلےگئےآئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں 46.50 کی اوسط سے 93 رنز بنانےکےساتھ ساتھ 3 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ ایونٹ سےواپسی پرنوجوان آل راؤنڈرکوعمدہ صلاحیتوں کی بدولت سینٹرل پنجاب میں شامل کیا گیا، جہاں انہوں نےڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں 8 فرسٹ کلاس، 12 لسٹ اے اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ وہ پاکستان سپرلیگ ( پی ایس ایل) کےچھٹےسیزن میں کراچی کنگزکےاسکواڈ کا بھی حصہ رہے۔

انہوں نے پاکستان کپ کے 12 میچوں میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی بدولت 57.75 کی اوسط سے 462 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ قاسم اکرم نے قائد اعظم ٹرافی کی 14 اننگز میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 35.36 کی اوسط سے 389 رنز اسکور کیے، اس ایونٹ میں انہوں نے 13 وکٹیں حاصل کیں جس میں ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں قاسم اکرم نے 6 میچوں میں 72 رنز بنائے اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔

قاسم اکرم نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز ہے اوراعتماد کا اظہارکرنے پروہ ٹیم انتظامیہ کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ٹیم کی قیادت میں بروئے کار لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ آئندہ سال ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مدد مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ بنگلہ دیش، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے ایک مفید تجربہ ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button