کھیل

پی ایس ایل کے مستقبل پر شدید خطرات

بقیہ میچز کے معاملے پر ایک بار پھر خدشات کھڑے ہوگئے جب کہ میچز کے لیے مقام کی تبدیلی کا بھی امکان ہے

پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے معاملے پر ایک بار پھر خدشات کھڑے ہوگئے  جب کہ میچز کے لیے مقام کی تبدیلی کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 6 کے مستقبل پر خدشات جنم لے رہے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کی ایمرجنسی میٹنگ طلب کرلی ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ امارات کے حکام کی جانب سے پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہ دینے کی وجہ سے مسائل کھڑے ہوگئے ہیں، ممبئی اور جوہانسبرگ سے آنے والی چارٹرڈ فلائٹ کو لینڈنگ پرمیشن نہیں دی جارہی جب کہ آج ایک بجے کراچی اور لاہور سے پروازوں نے ٹیک آف کرنا تھا لیکن انہیں لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی، اس کے علاوہ گزشتہ روز انگلینڈ سے سے دبئی کے لیے ائیرپورٹ آنے والے پاکستانی کرکٹر حماد اعظم کو واپس بھیج دیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ پی سی بی کی جانب سے طلب کی گئی ایمرجنسی میٹنگ میں فرنچائز مالکان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بقیہ میچز کے لیے متبادل وینیو کے لیے 2 گھنٹے مانگ لیے ہیں جس میں پی سی بی فرنچائز کو صورتحال سے آگاہ کرے گا جب کہ اجلاس میں فرنچائز نے پی ایس ایل ملتوی کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کروانے کی مکمل منظوری دی جاچکی ہے۔  پی ایس 6 میں 34 میچز کھیلے جانے تھے اور ابتدائی 14 میچز پاکستان میں کھیلے جاچکے ہیں۔ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.