سینٹرل کنٹریکٹ میں معاوضہ بڑھانے کا فیصلہ
نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے اس ہفتے تک متعدد میٹنگز ہوئی ہیں اور کئی ایک تجاویز سامنے آئی ہیں
قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں ایمرجنگ کیٹیگری میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھانے اور 2 فارمیٹ ریڈ بال اوروائٹ بال کرکٹ میں کنٹریکٹ دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے اس ہفتے تک متعدد میٹنگز ہوئی ہیں اور کئی ایک تجاویز سامنے آئی ہیں۔ پی سی بی کے مطابق ریڈ بال اور وائٹ بال فارمیٹ کے لحاظ سے کنٹریکٹ دینے کی تجویز ہے، کھلاڑیوں کو 2 فارمیٹ کے لحاظ سے کنٹریکٹ دینے کی بات ہورہی ہے۔
ایمرجنگ کیٹیگری میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز ہے، ابھی ایمرجنگ میں 3 کھلاڑی شامل ہیں، آئیکونک کھلاڑیوں کے لئے فنڈز بنانے کی تجویز ہے تاکہ فنڈز سے انہیں پیسے دیے جائیں اور وہ کم سے کم لیگز کھیلیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کے معاوضے دنیا کے دیگر کرکٹنگ ممالک کے مقابلے میں کم ہیں، اس گیپ کو کم کرنا ہے اور اس کی کوشش پچھلے کئی سال سے جاری ہے، اس مرتبہ بھی نئے کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں لازمی اضافہ کیا جائے گا۔