کھیل

کوہ پیما شہروز کاشف حکومتی رویے پر پھٹ پڑے

کم عمری میں کوہ پیمائی میں عالمی ریکارڈ یافتہ شہروزکاشف حکومتی رویے سے سخت مایوس ہیں

کم عمری میں کوہ پیمائی میں عالمی ریکارڈ یافتہ شہروزکاشف حکومتی رویے سے سخت مایوس ہیں اوراس مایوسی کےعالم میں وہ پھٹ پڑے ہیں۔ شہروزکاشف نےگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہردروازہ کھٹکھٹا چکا ہوں، جواب نہ ملنے پرمایوس ہوں، بس یہی کہا جاتا ہے کہ کریں گے، لیکن کوئی کچھ نہیں کرتا۔

کوہ پیما شہروز کاشف نے کہا کہ اب میں نانگا پربت سر کرنے کے لیے جا رہا ہوں اور ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو کی طرح یہاں بھی میں کم عمری کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کروں گا، لیکن میرے کام کو سراہا نہیں جا رہا ہے اور کوئی آگے نہیں آرہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے موقع پر صدرِپاکستان ڈاکٹرعارف علوی نےآنرشپ لینےکا کہا تھا لیکن ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے بعد کسی نے میری کال تک نہیں اٹھائی، ابھی صدرِپاکستان سے ملاقات ہوئی توانہوں نےکہا کہ کمائی کا اپنا ذریعہ بناؤ جبکہ وزارت بین الصوبائی رابطے میں میرے لیے اعلان کردہ رقم کا کیس پھنسا ہوا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا کہ میں ایتھلیٹس کے ایلیٹ پول میں شامل ہوں، یہ بھی زبانی کام ہوا، ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے کو پہلے 50 لاکھ روپے ملتے تھے، اب 10 لاکھ روپے بھی نہیں ملے۔

شہروز کاشف نے کہا کہ میں ادھار کے پیسوں سے ملک کے لیے کوہ پیمائی میں ورلڈ ریکارڈ قائم کر رہا ہوں، بجلی کے بلوں کے بعد گھر کا سارا بجٹ مجھ پر خرچ ہوجاتا ہے، اب تو میرے والد نے بھی ہاتھ اٹھا لیے ہیں، کہتے ہیں اب بیچنے کے لیے کچھ نہیں، کیونکہ وہ میری کوہ پیمائی کے لیے اب تک گاڑی اور پلاٹ فروخت کر چکے ہیں۔

کوہ پیما شہروز کاشف کا کہنا تھا کہ میں اب اپنے لیے لوگوں سے فنڈزمانگنے پرمجبور ہوں، میں لوگوں سے پانچ پانچ دس دس ڈالرزمانگ رہا ہوں، مجھے قطعاً یہ اچھا نہیں لگ رہا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.