کھیل

سری لنکن حکومت کے خلاف سابق کرکٹرز بھی میدان میں آگئے، استعفے کا مطالبہ کر دیا

سابق سری لنکن کپتان کمارا سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے اور سنتھ جے سوریا بھی مظاہرین کے حق میں بول پڑے ہیں

سری لنکا میں حکومت کے خلاف جاری احتجاج میں شدت آتی جارہی ہے اور اب سابق کرکٹرز بھی حکومت کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین کے حق میں سامنے آگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکن حکومت کے خلاف سابق سری لنکن کپتان اور لیجنڈ بلے باز کمارا سنگاکارا نے عوام کی جانب سے صدارتی محل کے گھیرا کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘یہ ہمارے مستقبل کے لیے ہے’۔ سابق سری لنکن کپتان اور جارح مزاج بلے باز سنتھ جے سوریا تو خود احتجاج میں شامل ہوگئے۔ ایک ٹوئٹ میں جے سوریا نے سری لنکن صدر اور وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام مشتعل ہو رہے ہیں، استعفیٰ دیں اور گھر چلے جائیں، آپ کو سمجھ نہیں آتی، جناب صدر اور جناب وزیراعظم، یہ مسٹر بین کی فلم نہیں یہ حقیقی زندگی ہے، آپ لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔

ایک اور سابق سری لنکن کپتان اور اسٹائلش بلے باز مہیلا جے وردھنے نے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ہم نے بحیثیت ملک اپنی سمت بدل دی ہے اور اسے نہیں بدلا جاسکتا، اب عوام بول پڑے ہیں’۔ ایک ٹوئٹ میں جے وردھنے نے سری لنکن صدر کو مسٹربین کہتے ہوئے لکھا کہ ‘مسٹر بین اب مزید کوئی ڈیل نہیں، برائے مہربانی مستعفی ہوجائیں’۔

خیال رہے کہ سری لنکا میں مالیاتی بحران جاری ہے، سری لنکن صدر کی معاشی پالیسیوں کے خلاف آج ہزاروں مظاہرین صدراتی محل میں گھس گئے، مظاہرین نے صدارتی محل کے سامنے کھڑی رکاوٹیں توڑ ڈالیں، اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹرکینن کا استعمال کیا، ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ رپورٹ کے مطابق سری لنکن صدر راجا پاکسے کو ان کی رہائش گاہ سے پہلے ہی بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔ دوسری جانب سری لنکن میڈیا کے مطابق بدترین معاشی بحران کے خلاف عوام کے شدید احتجاج پر وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے مستعفی ہونے کی پیش کش کردی ہے۔ وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کل جماعتی حکومت بنانے کے لیے مستعفی ہونے کو تیار ہیں۔ خیال رہے کہ سری لنکا کئی ماہ سے خوراک، ادویات،ایندھن، بجلی کی کمی اور شدید مہنگائی جیسے مسائل کا شکار ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.