کھیل

گال ٹیسٹ، 342 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری

عبداللہ شفیق نے 238 گیندوں پر سنچری بنائی جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل ہیں، اوپننگ بیٹرنے ٹیسٹ کیریئرکی دوسری سنچری اسکورکی

گال ٹیسٹ، 342 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری’ پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق نے سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل جاری ہے جہاں پاکستانی بلے باز کریز پر جمے ہوئے ہیں۔ عبداللہ شفیق نے 238 گیندوں پر سنچری بنائی جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل ہیں، اوپننگ بیٹرنے ٹیسٹ کیریئرکی دوسری سنچری اسکورکی۔ 342 رنزکے تعاقب میں پاکستان نے 2وکٹ پر194رنزبنالیے ہیں جب کہ پاکستان کو گال ٹیسٹ جیتنے کے لئے مزید 148 رنزدرکار ہیں۔ اوپنر امام الحق35رنز بناکر رمیش مینڈس کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ اظہر علی کو 6 رنز پر پربھات جے سریا نے آؤٹ کیا۔ اس وقت کریز پر عبداللہ شفیق103جب کہ بابر اعظم47رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

میچ کے چوتھے روز کا آغاز سری لنکا کی بیٹنگ سے ہوا جب ٹیم کے 329 اسکور پر 9 کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن سری لنکا نے مجموعی اسکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کیا اور 337 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 337 رنز پر آؤٹ ہوئی اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا۔ سری لنکا کے دنیش چندی مل 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جنہوں نے5چوکے اور 2چھکے بھی لگائے۔ پاکستان کے محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں222 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے دنیش چندی مل نے سب سے زیادہ 76 رنز اسکور کیے۔ قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2، 2 جب کہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں مشکلات کا شکار دکھائی دی لیکن قومی کپتان بابر اعظم نے تاریخی اننگز کھیلی، انہوں نے11چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ بولر نسیم شاہ نے ان کا پورا ساتھ دیا۔ پاکستان کے محمد رضوان 19، یاسر شاہ 18 اور حسن علی 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کے پربت جے سوریا نے 5، مہیش تھیکشنا اور رمیش مینڈس نے 2،2 اور کسن راجیتھا نے ایک وکٹ لی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.