کھیل

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی، دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کی بنگلہ دیش کو شکست

بنگلادیش کا 184 رنز کا ہدف سری لنکا نے آخری اوور میں پورا کیا' کوشل مینڈس 60 رنز بناکر نمایاں رہے' سری لنکا سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے اہم میچ میں سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلادیش کو شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کا 184 رنز کا ہدف سری لنکا نے آخری اوور میں پورا کیا۔کوشل مینڈس 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شانکا نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ناک آؤٹ میچ کیلئے سری لنکن ٹیم میں ایک جبکہ بنگلادیش کی جانب سے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں۔

بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، عفیف حسین 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ مہدی حسن نے 38، محموداللہ نے 27 اورشکیب الحسن نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔میچ کے اختتامی مراحل میں مصدق حسین کی برق رفتار اننگز کی بدولت بنگلادیش نے مقررہ اوورز میں 183 رنز بنائے۔ مصدق حسین 9 گیندوں پر 24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا اور کرونارتنے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلادیش کے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا رہا لیکن چھٹے اوور میں 45 کے مجموعی اسکور پر نی سنکا 20 رنز بناکر آٹ ہوگئے۔ سری لنکا کو دوسرا نقصان آسالنکا کی صورت میں اٹھانا پڑا اور صرف ایک رنز بناکر پویلین لوٹے۔جس کے بعد سری لنکا کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں لیکن اس دوران کوشل مینڈس اور کپتان داسن شانکا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔

کوشل 37 گیندوں پر 60 اور شانکا 45 رنز بناکر آٹ ہوگئے، تاہم آخری اوور میں کرونارتنے اور فرنینڈو نے جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی۔ کرونارتنے نے 10 گیندوں پر 16 جبکہ فرنینڈو نے 3 گیندوں پر 10 رنز بناکر سری لنکا کو 3 وکٹوں سے کامیابی دلا کر سپر فور مرحلے میں پہنچا دیا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔ دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔ بھارت گروپ اے سے جبکہ افغانستان گروپ بی سے سپر فور مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.