کھیل

چھٹا ٹی ٹوئنٹی ، پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف

بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کیریئر کی 81 ویں اننگ میں تین ہزار رنزمکمل کر کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا

پاکستان نے7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 169 رنز بنائے، بابر اعظم 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی کرکٹ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں ،فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی فائنل الیون میں واپسی ہوئی ہے جبکہ وکٹ کیپر محمد حارث آج اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں۔محمد رضوان اور حارث رف کو آج آرام دیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا، ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے محمد حارث 7 اور نئے آنے والے بیٹر شان مسعود صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کو تیسرا نقصان حیدر علی کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 14 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ افتخار احمد 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ آصف علی9 اور محمد نواز 12 رنز بناسکے۔ کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں169 تک پہنچایا، بابر 59 گیندوں پر 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی اور سام کرن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں تیز ترین تین ہزار رنز کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔ بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کیریئر کی 81 ویں اننگ میں تین ہزار رنز مکمل کیے۔انہوں نے اننگز کا 52 واں رنز لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔اس سے قبل کے ویرات کوہلی نے بھی 81 اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ واضح رہے کہ 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 2-3 کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کے پہلے مرحلے کے چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے جس میں سے دو میں پاکستان اور دو میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی جبکہ لاہور میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں گرین شرٹس نے 6 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.