آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ’ کہاں سے کہاں جاپہنچا؟ شیڈول آ گیا
ٹورنامنٹ یو اے ای منتقل ہونے کے باوجود میزبان بنگلہ دیش ہی ہے
لاہور(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے بنگلہ دیش سے متحدہ عرب امارات منتقل ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔آئی سی سیکے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ 3 سے 20 اکتوبر تک دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا، اس دوران روایتی حریف پاکستان اور بھارت 6 اکتوبر کو مدمقابل آئیں گے۔ایونٹ میں حصہ لینے والی 10 ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ A میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اورسری لنکا جبکہ گروپ B میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلادیش اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان بنگلادیش اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم اپنی مہم کا آغاز 3 اکتوبرکوسری لنکا کے خلاف شارجہ میں میچ سے کرے گی۔قومی ٹیم دوسرا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 6 اکتوبر کو دبئی میں کھیلے گی ،تیسرا میچ 11 اکتوبرکو آسٹریلیا اور گروپ مرحلے کا آخری میچ 14 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔
ایونٹ کے سیمی فائنل 17 اور 18 اکتوبر کو دبئی اور شارجہ میں ہوں گے، ایونٹ کا فائنل 20 اکتوبر کو دبئی میں شیڈول کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بنگلا دیش میں شیڈول تھا تاہم بنگلا دیش کے موجودہ سیاسی حالات کی وجہ سیٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا۔آئی سی سی نے اعلان کیا تھا کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو منتقل کردیا گیا ہے لیکن ایونٹ کا میزبان بنگلا دیش ہی رہے گا۔