ارشد ندیم کا آبائی اور ذاتی گھرمیں کیا فرق؟ انعامی رقم کا کیا کریں گے؟
ذاتی گھر اور گاڑی خرید لی ہے یہی نہیں ارشد واپڈا میں گریڈ 18 کے ملازم بھی ہیں
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے قومی ہیرو اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے آبائی اور ذاتی گھر کی تصاویر سامنے آئی ہیں۔حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ارشد کے والد نے بتایا تھا کہ وہ گاں میں بھٹے پر اینٹیں لگانے کا کام کرتے تھے، محنت مزدوری کرکے بچوں کی تربیت کی لیکن کسی سے بھیک نہ مانگی ۔ارشد ندیم کی اہلیہ حافظ قرآن ہیں جن سے ان کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ارشد ندیم نے 26 سال کی عمر میں ذاتی گھر اور گاڑی خرید لی ہے یہی نہیں ارشد واپڈا میں گریڈ 18 کے ملازم بھی ہیں جس سے بہت کم لوگ واقف ہیں۔
سوشل میڈیا پر ارشد کے پنجاب کی تحصیل میاں چنوں کے گاں میں موجود آبائی گھر کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہورہی ہیں جس میں ارشد کے مٹی سے بنے چھوٹے سے گھر اور ان کے ورک آٹ ایریا کو دکھایا گیا ہے۔ ارشد کا آبائی گھر تین کمروں پر مشتمل ہے جس کا ایک کمرہ مہمانوں کیلئے مختص ہے۔26 سالہ ارشد کے میاں چنوں کی مہنگی ترین سوسائٹی میں ذاتی گھر تعمیر کروایا ہے جس کی مالیت کروڑوں میں ہے ارشد کے پاس 60 سے 70 لاکھ مالیت کی گاڑی بھی ہے، جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔
گزشتہ دنوں نجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ارشد ندیم نے بتایا تھا کہ فی الحال مجھے کہیں سے بھی انعامی رقم نہیں دی گئی ہے، میرے مینیجر سلمان بٹ ہیں اور وہی انعامی رقم کا حساب کتاب رکھیں گے۔پیرس اولمپکس میں مقابلے کے بعد اگلے پلان سے متعلق ارشد نے بتایا کہ مجھے سب سے پہلے بال کٹوانے جانا ہے، دوسری جانب پیرس اولمپکس سے قبل ہی امی ابو سمیت اہلیہ سے کہا تھا کہ عمرے پر جانا ہے، اب انعامی رقم ملنے کے بعد انشااللہ عمرے پر جائیں گے۔ یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کے حریف بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کے اثاثوں کی مالیت 37 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔