ارشد ندیم کو تحفے میں بھینس ملنے پر نیرج چوپڑا نے دل جیتنے والی بات کیا کہی؟
ہریانہ میں گھر واپسی پر ہمیں بھی ایسے تحائف مل چکے ہیں جیسے 10 کلو دیسی گھی ، 50 کلو دیسی گھی یا پھر لڈو:نیرج
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے کئی اعلی شخصیات نے کروڑوں کے انعامات کا اعلان کیا جبکہ ان کے سسر کی جانب سے انہیں تحفے میں بھینس دینے کا اعلان کیا گیا۔دیہی علاقوں میں اس تحفے کو روایتی طور پر اعزاز سمجھا جاتا ہے لیکن اس اعلان پر بعض لوگ مذاق بھی اڑا رہے ہیں۔خود ارشد ندیم بھی ازراہِ مذاق سسر سے بھینس کے بجائے 5 ایکڑ زمین تحفے میں دینے کی فرمائش کرچکے ہیں۔تاہم جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم کے حریف بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو بھینس کا تحفہ ملنے پر مذاق اڑانے کے بجائے ایسا ردعمل دیا جس نے سب کے دل جیت لیے۔
بھارتی میڈیا سے ورچوئل گفتگو کے دوران نیرج نے ارشد کو بھینس کا تحفہ ملنے پر کہا کہ میرے لیے ایسے تحائف نئے نہیں ہیں، مجھے ایک بار دیسی گھی تحفے میں دیا گیا تھا۔نیرج چوپڑا کے مطابق اولمپک مقابلوں کے بعد ہریانہ میں گھر واپسی پر ہمیں بھی ایسے تحائف مل چکے ہیں جیسے 10 کلو دیسی گھی ، 50 کلو دیسی گھی یا پھر لڈو۔انہوں نے بتایا کہ میرے لیے بھی مقابلوں سے قبل ایسے اعلانات کیے گئے تھے کہ اگر نیرج یہ مقابلہ جیتتا ہے تو اسے 50 کلو گھی دوں گا حتی کہ میں یہ باتیں بچپن سے ہی سنتا آیا ہوں۔
نیرج چوپڑا کا کہنا تھا کہ جس شہر میں بڑا ہوا وہاں کبڈی اور ریسلنگ جیسے کھیل بہت مشہور ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہاں گھی تحفے میں دیا جاتا ہے کیونکہ ہمارے لوگوں کا ماننا ہے کہ گھی طاقت بڑھاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں بھی بھینسیں تحفے میں دی جاتی ہیں، اسی طرح پہلوانوں اور کبڈی کے کھلاڑیوں کو بلٹ موٹر سائیکل یا ٹریکٹر تحفے میں دیے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔
ارشد ندیم اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔حکومتی عہدیداروں، فنکاروں اور دیگر مشہور شخصیات سمیت مختلف اداروں کی جانب سے ارشد ندیم کیلئے کروڑوں روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا جاچکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ارشد ندیم کے لیے اب تک اعلان کردہ رقم کا حجم 30 کروڑ سے زائد ہے۔