ارشد ندیم گھر پہنچ گئے،پھول نچھاور’سسر کاانوکھا اعلان
میاں چنوں سمیت پورے ملک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے اتنا پیار کیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پیرس اولمپک میں تاریخ رقم کرنے والے اولمپک گولڈ میڈلسٹ کا اپنے آبائی شہر میاں چنوں پہنچنے پر شندار استقبال کیا گیا۔گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا میاں چنوں میں آبائی گاوں پہنچنے پر لوگوں نے والہانہ استقبال کیا اور ان پر پھول نچھاور کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہاکہ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو آئے ہیں، میاں چنوں کا اور پورے ملک کا شکریہ ادا کروں گا، سب نے اتنا پیار مجھے دیا ہے۔اس سے قبل میاں چنوں پہنچنے پر وہاں کے شہریوں کی جانب سے ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا گیا، ان پر پھول نچھاور کیے گئے۔ ارشد ندیم کا قافلہ ساہیوال بھی پہنچا تھا، جہاں ساہیوال بائی پاس پہنچنے پر شہریوں نے ان پر پھول نچھاور کیے تھے۔
آج علی الصبح ارشد ندیم لاہور ایئر پورٹ سے تبلیغی مرکز رائیونڈ آئے تھے جہاں ان کے قافلے نے ایک گھنٹہ قیام کیا تھا۔وہ تبلیغی مرکز رائیونڈ میں نمازِ فجر ادا کرنے کے بعد میاں چنوں روانہ ہوئے تھے۔قبل ازیں قومی ہیرو ارشد ندیم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر طیارے کو خصوصی واٹر کینن سیلوٹ پیش کیا گیا، لاہور ایئر پورٹ پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد قومی ہیرو کا استقبال کرنے کیلئے موجود تھے۔طیارے سے باہر آنے کے بعد انہیں ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، ارشد ندیم کی اپنے والد سے ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، والد انہیں گلے سے لگا کر اپنے آنسوں کو روک نہ سکے۔
ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ن لیگی رہنما احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب، رانا مشہود اور عظمی بخاری بھی موجود تھیں، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق نے ارشد ندیم کو گلے لگا کر مبارکباد دی، عظمی بخاری نے گلدستہ پیش کیا۔ارشد ندیم کے اہلخانہ، دوست احباب، گاوں والوں لاہور ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی،پنجاب پولیس بینڈ کے ذریعے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا ۔ پولیس کی جانب سے اولمپیئن ارشد ندیم کو تاریخ ساز وی وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا، لاہور ایئرپورٹ کا وی ائی پی لانج شہریوں سے خالی کروا کر سیکیورٹی لگائی گئی تھی۔
ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ان کے گاں میاں چنوں چک 101 میں اسپیکر پر اعلان کرایا گیا تھا کہ جس نے ارشد ندیم کو ایئر پورٹ لینے جانا ہے وہ تیار ہو جائے۔ ارشد ندیم کے گاں کے لوگوں کو لاہور ایئر پورٹ لے جانے کے لیے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیا۔ارشد نعیم کے سسر نے داماد کی کارکردگی سے خوش ہو کر انہیں تحفہ میں بھینس دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔