اولمپکس گیمز کے خاتمہ پر ”اولمپک ولیجز” کا کیا بنے گا؟
پہلا قدیم اولمپکس 776 قبل مسیح میں منعقدہوا ، انکا انعقاد چار برس میں ایک بار ہوتا تھا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)اولمپک گیمز کا آغاز 1896 میں یونان کے دارالحکومت ایتھینز میں ہوا تھا، تاہم قدیم یونان میں ایک سیٹ تھا جہاں یونانی دیوتا زیوس کے اعزاز میں مذہبی تہوار منائے جاتے تھے، اسی سیٹ پر کھلاڑی اپنے اپنے شہروں یا ریاستوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مقابلوں میں حصہ لیتے تھے۔یہ اولمپک گیمز 2,800 سال پرانے ہیں، پہلا قدیم اولمپکس 776 قبل مسیح میں ہوا تھا، ان مقابلوں کا انعقاد چار سالوں میں ایک بار ہوتا تھا اور پھر اولمپیڈ Olympiad یعنی اولمپک کھیلوں کا چار سالہ دور قدیم یونان میں وقت کی پیمائش کی اکائی بن گیا۔
اولمپک گیمز کا نام یونان کی پہاڑی چوٹی ‘مانٹ اولمپس’ کے نام پر رکھا گیا تھا، یہ پہاڑ یورپ کا سب سے مشہور پہاڑ ہے، جہاں یونانی دیوتا رہتے تھے، اولمپک کے قدیم کھیل تقریبا چار سو سال تک جاری رہے، ان قدیم کھیلوں کے سلسلے کے رک جانے کی ممکنہ وجہ اس آگ کو قرار دیا جایا ہے جس نے اولمپین زیوس کے مندر کو جلا دیا تھا۔اولمپک کھیلوں کا ایک بار پھر آغاز 1896 میں ہوا تھا، ایتھنز نے پہلے جدید اولمپک کھیلوں کی میزبانی کی تھی، 1924 میں اولمپکس کھیلوں کا انعقاد پیرس میں ہوا تو یہ بھی پہلی بار تھا کہ ایک اولمپک ولیج وجود میں آیا، اگرچہ یہ ایک عارضی گاں تھا لیکن ایک سو سال بعد بھی اولمپک ولیجز کھیلوں کا ایک لازم و ملزوم حصہ بن چکے ہیں۔
اولمپک گیمز کے میزبان ممالک دنیا بھر سے مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے آنے والے کھلاڑیوں کے لیے جدید ترین گاں بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اولمپ گیمز ختم ہونے کے بعد ان ولیجز کو کن مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (IOC) کے شریک بانی پیری ڈی کوبرٹن نے پیرس میں 1924 کے سمر گیمز کے لیے افتتاحی اولمپک ولیج کا تصور دیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب کھلاڑیوں کے رہنے کے لیے اولمپک ولیجز کو ڈیزائن کیا گیا تھا، انہیں رہنے کے لیے جگہ کی پیشکش کی گئی تھی اور بستر اور کھانا فراہم کیا گیا تھا۔ اس سہولت کے دستیاب ہونے سے پہلے (1896 اور 1920 کے درمیان)، کھلاڑیوں کو ہوٹلوں، ہاسٹلوں، اسکولوں، بیرکوں اور بعض اوقات ان کشتیوں میں بھی قیام کرنا پڑتا تھا جن میں وہ میزبان ملک تک پہنچنے کے لیے سفر کرتے تھے۔
اصل اولمپک ولیج ایک عارضی ڈھانچہ تھا، اگرچہ پیرس کا Stade de Colombes اسٹیڈیم آج بھی قائم ہے، جو اب Yves-du-Manoir (فرانسیسی رگبی کھلاڑی Yves du Manoir کے نام سے منسوب ہے، اسے اب ایک رگبی، ٹریک اور ایسوسی ایشن فٹ بال اسٹیڈیم کے نام سے جانا جاتا ہے، اس اسٹیڈیم سے ملحقہ مقام پر اصل اولمپک ولیج بنایا گیا تھا جہاں تب سے لیکر اب تک اولمپک ولیج تیار کیا جاتا ہے۔اولمپک ولیج اولمپک گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں، کوچز اور عہدیداروں کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ایک رہائشی کمپلیکس ہے۔ یہ عام طور پر اولمپک پارک کے اندر اولمپک اسٹیڈیم کے قریب تعمیر کیا جاتا ہے۔ اولمپک ولیج رہائش، کھانے، طبی خدمات اور تفریحی سہولیات سمیت مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک میں اولمپک کھلاڑیوں کیلئے بنائے گئے ولیجز کی عمارتیں بعد ازاں اپارٹمنٹس یا ہاسنگ کمپلیکس میں تبدیل ہونے لگی ہیں، انہیں یونیورسٹی کے طلبا کی رہائش کے لئے ہاسٹل کے طور پر بھی دوبارہ تیار کیا جاتا ہے اور بعض اوقات انہیں ہوٹلوں میں تبدیل کیا جاتا ہے، کبھی بھی انہیں چھٹیوں منانے والوں کو بھی کرایے پر دے دیا جاتا ہے۔ایک صدی بعد اولمپکس 2024 دوبارہ پیرس میں منعقد ہوا ہے، جس کیلئے پیرس کے شمال مشرقی مضافات میں اولمپک ولیجز تعمیر کیے گئے ہیں، یہ علاقہ شہر کے سب سے کم سرمایہ کاری والے محلوں کے لیے جانا جاتا ہے۔2024 میں اولمپک کھیلوں کے بعد اولمپک ولیج کو مخلوط استعمال کی ترقی میں تبدیل کیا جائے گا، 8 ستمبر کو پیرالمپکس کے اختتام کے بعد 82 عمارتوں پر مشتمل وسیع کمپلیکس 6,000 دفتری کارکنوں کو ایڈجسٹ کرے گا اور مزید 6,000 افراد کے لیے رہائش فراہم کرے گا۔