اولمپک گولڈ میڈل جیتتے ہی ساتھی کھلاڑی کو شادی کی آفر
لڑکی کو پرپوز کرنے کا منفرد انداز عالمی ریکارڈ بن گیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)چینی بیڈ منٹن کھلاڑی ہوانگ یاکیونگ کو اپنے ملک کے لیے مکسڈ ڈبل مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کرنے کے بعد شادی کی پیشکش ہوگئی۔ہوانگ یاکیونگ نے ساتھی کھلاڑی ژینگ سی وی کے ساتھ مل کر چین کے لیے مکسڈ ڈبلز میں گولڈ میڈل جیتا۔
انہیں چین کے مینز ڈبلز کے کھلاڑی لیو یو چن نے اولمپک کے ایرینا میں شادی کی پیشکش کی، دونوں کھلاڑی مکسڈ ڈبلز پلیئرز ہونے کے علاوہ ایک عرصے سے ایک دوسرے کے دوست بھی ہیں۔ہوانگ یاکیونگ نے گولڈ میڈل اپنے گلے میں پہنا ہوا تھا اور تمغے کی تقریب کے بعد میدان سے باہر نکل رہی تھیں کہ جب لیو یوچن وہاں پہنچے اور انہیں روک دیا۔
ہوانگ یاکیونگ اس وقت جذباتی ہوگئیں جب انہوں نے لیو یوچن کو گھٹنوں کے بل بیٹھ کر جیب سے انگوٹھی نکالتے دیکھا۔ ایرینا میں موجود شائقین یہ منظر دیکھ کر بے حد پرجوش اور خوش ہوگئے اور، فوٹوگرافرز کے ساتھ ساتھ خود بھی اسے موبائل میں ریکارڈ کرنے لگے۔بعدازاں ہجوم کے پرجوش نعروں کے درمیان آنکھوں میں آنسو لیے انہوں نے شادی کی پیشکش پر ہاں کہہ دی جسے پوری دنیا نے دیکھا۔
اس بارے میں ہوانگ یاکیونگ نے کہا کہ وہ پیرس میں منگنی کی انگوٹھی کی توقع نہیں کر رہی تھیں اور ان کی تمام تر توجہ گیم کی تیاری پر مرکوز تھی۔گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ ‘میں اپنے احساس کو بیان نہیں کر سکتی کیونکہ میں خوش ہوں، خوش ہوں، خوش ہوں’۔انہوں نے کہا کہ طلائی تمغہ حاصل کرنا ہمارے سفر کی پہچان ہے، میں منگنی کی انگوٹھی سے حیران رہ گئی، میں اولمپک چیمپئن بننے کے لیے تربیت پر توجہ دے رہی ہوں، مجھے اس کی کبھی توقع نہیں تھی۔’