اٹلی کا اولمپک گولڈ میڈلسٹ پارک میں کیا کر رہا تھا؟وائرل
تھامس سیکون کی پارک میں سوتے ہوئے تصویر وائرل ہوگئی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)زمین پر اور خاص کر کسی پارک میں سونا کوئی غیر معمولی بات نہیں، اکثر بے گھر لوگ ایسا کرتے پائے جاتے ہیں۔لیکن کیا ہو اگر آپ اولمپک میں گول میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو ایسا کرتے دیکھیں جن کا ماننا ہے کہ اس طرح سونا گتے کے سخت بستر پر سونے سے بہتر ہے۔یہ منطق اٹلی سے تعلق رکھنے والے سوئمر اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ تھامس سیکون کی ہے، جنہیں اولمپک ولیج کے اندر ایک پارک میں سوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔سعودی ایتھلیٹ رار حسین علی رضا نے ہفتے کے روز ایک درخت کے نیچے سفید تولیے پر سوئے ہوئے تھامس سیکون کی تصویر پوسٹ کی، جس میں اس مقام کو اولمپک ولیج کے اندر ٹیگ کیا گیا تھا۔
100 میٹر بیک اسٹروک میں طلائی تمغہ جیتنے والے اطالوی تیراک نے پہلے بھی سرِ عام اولمپک ولیج میں رہائش کے بارے میں شکایت کی تھی ۔انہوں نے کہا تھا اولمپک ولیج میں کوئی ایئر کنڈیشننگ نہیں ہے، بہت گرمی ہے اور کھانا بھی اچھا نہیں ہے۔تھامس سیکون نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت سے کھلاڑی ان وجوہات کی وجہ سے یہاں سے کئی اور منتقل ہوگئے ہیں، یہ کوئی بہانہ یا عذر نہیں ہے حقیقت ہے جس سے شاید ہر کوئی واقف نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں بہت تھکا ہوا تھا اور دن رات اس بستر پر سونا انتہائی مشکل ہے جہاں گرمی اور شور کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔دوسری جانب کھلاڑی کی اس شکایت پر اطالوی ٹیم نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔خیال رہے کہ اولمپک ولیج ایتھلیٹس کی رہائش کے لیے تیار کیا جاتا ہے، اور حالیہ پیرس اولمپکس میں شدید گرمی کے باعث مناسب ایئر کنڈیشننگ نہ ہونے کے سبب ایتھلیٹس کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔