کھیل
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، پاکستانی کی پہلی فتح، سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید برقرار
پاکستان نے چین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرادیا، پاکستان بھارت سے میچ برابر کھیل کر بھی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکتا ہے

چنائی(سپورٹس ڈیسک، مانیٹرنگ ڈیسک) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے جس کے بعد قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید تاحال برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر چنائی میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان نے چین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرادیا۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان اور افروز نے گول کیے۔ پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید اب بھی باقی ہے۔ پاکستان کا آج چوتھا میچ تھا، پاکستان کو پہلے میچ میں ملائشیا سے شکست ہوچکی ہے جبکہ گرین شرٹس نے کوریا اور جاپان سے میچ برابر کھیلا تھا ۔ پاکستان بھارت سے میچ برابر کھیل کر بھی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکتا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔