کھیل

بنگلہ دیش نے سیریز اپنے نام کرلی،مریض بدلے جائیں یا سرجن؟

بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی جو پاکستان کیخلاف اس کی 14 میچوں میں پہلی فتح تھی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش نے پاکستان کو راولپنڈی میں کھلیے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی، پاکستانی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد دوسرے ٹیسٹ میچ میں بے بس دکھائی دی اور بنگلہ دیش نے سیریز میں پاکستان کو تاریخی وائٹ واش کردیا۔بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کی شکست پر مداح غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں اور کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی پر تنقید کررہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ نے لکھا کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے، انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)محسن نقوی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ جب ادارے کا سربراہ سفارشی ہوگا تو ایسا ہی ہو گا، ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ادارے تباہ کیے جارہے ہیں۔

حافظ فرحت عباس لکھتے ہیں کہ محسن نقوی نے جب سے کرکٹ بورڈ کی سربراہی سنبھالی اس وقت سے یہ کھیل مسلسل تباہی کا شکار ہے، ورلڈ کپ میں امریکا جیسی ٹیم سے شکست کھا گئے اور باہر ہو گئے جبکہ اب اپنی سرزمین میں بنگلہ دیش سے پہلی بار ٹیسٹ سیریز ہار گئے ہیں۔صارف کا مزید کہنا تھا کہ نہ کرکٹ ٹھیک ہورہی ہے اور نہ ہی امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے لیکن محسن نقوی دونوں عہدوں پر براجمان ہیں۔ عوام کو خوشی دینے والا واحد کھیل بھی مکمل تباہ کرنا شاید ان کا مشن ہے۔

احسن اعوان نامی ایکس صارف نے بنگلہ دیش کے ہاتھوں پاکستان کی بدترین شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ مریض نہیں سرجن بدل کر دیکھیں شاید معاملہ حل ہوجائے۔صحافی خرم اقبال لکھتے ہیں کہ پاکستان کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، بنگالی ٹائیگرز نے پنڈی کا میدان فتح کرلیا۔اجمل جامی لکھتے ہیں کہ بنگلہ دیش بطور ٹیم پاکستان کی ٹیم سے ہر طرح سے بہتر ہے۔مغیث علی نے پاکستانی ٹیم پر تنیقد کرتے ہوئے لکھا کہ نہ بیٹنگ چلی، نہ بولنگ، اور فیلڈنگ بھی تھرڈ کلاس تھی جس کی وجہ سے بنگالی ٹیم نے پاکستان کو پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا اور پاکستان کو ہوم گراونڈ پر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف پہلی سیریز فتح ہے۔ بنگلہ دیش نے گذشتہ ماہ راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جو پاکستان کے خلاف اس کی 14 میچوں میں پہلی فتح تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button