بھارتی میڈیا نے اپنے اسٹیڈیم کی حالت بتا کر اپنا گریبان چاک کر لیا
کانپور اسٹیڈیم کے ایک اسٹینڈ کو خطرناک قرار دے دیا گیا ، پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ نے آگاہ کر دیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے وینیو کانپور اسٹیڈیم کی حالتِ زار پر سوالات اٹھنے لگے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 27 ستمبر سے کھیلا جانا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کانپور اسٹیڈیم کے ایک اسٹینڈ کو خطرناک قرار دے دیا گیا ہے، اتر پردیش کے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ نے اسٹیڈیم کی انتظامیہ کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔
اسٹیڈیم کی بالکونی سی خطرناک ہے، جہاں مکمل گنجائش کے ساتھ تماشائی نہیں بیٹھ سکتے، اگر مکمل گنجائش کے ساتھ تماشائی بیٹھے تو بالکونی گر سکتی ہے۔بالکونی سی کے ٹکٹ گنجائش سے آدھے فروخت کے لیے رکھے گئے ہیں، بالکونی کی گنجائش 4800 افراد کی ہے جبکہ 1700 ٹکٹ بیچے جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 50 افراد نے بھی بالکونی میں اچھل کود کی تو بالکونی گر سکتی ہے اور وی آئی پی اسٹینڈ کے قریب فلڈ لائٹس کے 8 بلب بھی خراب ہیں۔کانپور میں ہمیشہ روشنی کا مسئلہ رہا ہے، آلودگی کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہوتی ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت خراب روشنی کے باعث ٹیسٹ میچ بھی نہیں جیت سکا تھا، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں تمام لائٹس فنکشنل تھیں۔