خاتون کرکٹر سے غیر مناسب رویہ’ سابق سری لنکن کرکٹر پر 20سال پابندی
کرکٹر دلیپ سمارا ویرا نے وکٹوریہ ویمن کرکٹ ٹیم کے ساتھ رہتے ہوئے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)خاتون کرکٹر کے ساتھ غیر مناسب رویے پر سابق سری لنکن کرکٹر پر 20 سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔کرکٹ آسٹریلیا نے خاتون کرکٹر کے ساتھ غیر مناسب رویے پر کرکٹ وکٹوریہ کے کوچ دلیپ سمارا ویرا پر 20 سال کی پابندی لگائی ہے۔سابق سری لنکن کرکٹر کرکٹ آسٹریلیا یا ریاستی کرکٹ میں کوئی عہدہ نہیں سنبھال سکیں گے، انہوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کنڈکٹ کمیشن نے انہیں غیر مناسب رویے کا مرتکب قرار پایا ہے، کرکٹ وکٹوریہ کے ساتھ منسلک رہنے کے دوران وہ غیر مناسب رویے کے مرتکب قرار پائے گئے۔کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹ وکٹوریہ کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کے لیے محفوظ ماحول مہیا کرنے پر یقین رکھتے ہیں، دلیپ سمارا ویرا نے وکٹوریہ ویمن کرکٹ ٹیم کے ساتھ رہتے ہوئے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی۔
کرکٹ وکٹوریہ نے غیر مناسب رویہ کا شکار ہونے والی خاتون کرکٹر کے بولنے کی بہادری کو سراہا۔واضح رہے کہ دلیپ سمارا ویرا نے 90 کی دہائی کے آغاز میں 7 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچز سری لنکا کے لیے کھیلے تھے۔ دلیپ سمارا ویرا نے 2008 میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کرکٹ وکٹوریہ کے ویمن پروگرام کو جوائن کیا تھا۔