دھونی، کوہلی،روہت گئے بھاڑمیں’بھارت کا امیر ترین کرکٹر کون؟
آخر کیا چکر ہے جو کرکٹر کے پاس اتنی دولت آ گءی؟ دولت ہے کتنی؟
لاہور(سپورٹس ڈیسک)دنیا کا سب سے امیر ترین کرکٹ بورڈ ‘بی سی سی آئی’ اور سب سے امیر کرکٹ لیگ ‘انڈین پریمیئر لیگ’ ہے، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت کے کرکٹرز کتنے امیر ہوں گے۔بھارت کے اسٹار کرکٹرز کی شاہانہ طرز زندگی بھی اس کی عکاسی کرتی نظر آتی ہے لیکن اگر آپ سے پوچھا جائے کہ بھارت کا سب سے امیر ترین کرکٹر کون ہے؟لیجنڈری سچن ٹنڈولکر، بھارت کے کامیاب ترین کپتان ایم ایس دھونی، اسٹار بیٹر ویرات کوہلی، ہٹ مین روہت شرما یا پھر کنگ آف سکسرز یووراج سنگھ؟ آپ بھی یہی سوچ رہے ہوں گے کہ انہی میں سے کوئی ایک بھارت کا سب سے امیر ترین کرکٹر ہو سکتا ہے۔بلاشبہ ان کا شمار میں بھی دنیا کے چند امیر ترین کرکٹرز میں ہوتا ہے لیکن آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ بھارت کا ایک ایسا کرکٹر بھی ہے جو مذکورہ تمام کرکٹرز سے بھی زیادہ امیر ہے، جی ہاں، بالکل یہ حقیقت ہے۔
ہم بات کر رہے ہیں بھارت کے ارب پتی صنعت کار کمار منگلم برلا کے بیٹے آریمان وکرم برلا کی۔ 9 جولائی 1997 کو پیدا ہونے والے آریمان وکرم برلا ایک کامیاب بزنس مین ہیں لیکن انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور کرکٹر کیا تھا، انہوں نے 2017-18 میں مدھیہ پردیش کی نمائندگی کرتے ہوئے رنجی ٹرافی کے ساتھ کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔آریمان کو 2018 میں انڈین پریمیئر لیگ راجستھان رائلز نے منتخب کیا تھا، جس کیلئے انہیں 30 لاکھ روپے ادا کیے گئے تھے، کھیلوں کی ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق آریامن برلا نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 9 میچ کھیلے اور 414 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ لسٹ اے کرکٹ میں انہوں نے چار میچوں میں 36 رنز بنائے۔
تاہم، کرکٹ میں شاندار کریئر کے باوجود 2019 میں آریمان برلا نے ذاتی وجوہات کی بنا پر کھیل سے کنارہ کشی اختیار کر لی اور پھر انہوں نے خاندانی کاروبار سنبھالنا شروع کیا، حیران کن طور پر یہاں بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بالآخر کامیاب بزنس مین بن کر دکھایا۔سال 2024 میں آریمان اور ان کی بہن اننیا برلا کو آدتیہ برلا گروپ کی فلیگ شپ کمپنی گراسم انڈسٹریز میں بطور ڈائریکٹر شامل کیا گیا، وہ ممبئی میں ‘جولیز’ کے نام سے ایک خصوصی کلب کے بھی مالک ہیں اور ‘دی پاوسٹار کمپنی’ بھی چلاتے ہیں جو پالتو جانوروں کے لیے ایک خاص اسٹور ہے۔
کرکٹر سے بزنس مین بننے والے آریمان برلا کی دولت کی بات کی جائے تو بھارتی میڈیا رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ان کے پاس مبینہ طور پر تقریبا 70 ہزار کروڑ بھارتی روپے کی مجموعی مالیت ہے جو سچن ٹنڈولکر، ایم ایس دھونی، ویرات کوہلی اور روہت شرما کی مجموعی مالیت سے زیادہ ہے۔واضح رہے کہ برلا گروپ ملک کے سرکردہ اور قدیم ترین صنعتی گھرانوں میں سے ایک ہے اور اس کی قیادت آریمان کے والد کمار منگلم برلا کرتے ہیں۔