راولپنڈی ٹیسٹ دوسرا روز:محمد رضوان اور سعود شکیل کی سینچریاں
کھانے کے وقفے سے پہلے تک پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 256رنز بنائے تھے
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سینچری اسکور کردی، محمد رضوان نے 162 گیندوں پر 112 جبکہ سعود شکیل نے 207 گیندوں پر 107 رنز بنائے ہیں، جس کے باعث 4کھلاڑی آئوٹ پر مجموعی اسکور 300 ہوگیا ہے۔ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے سے پہلے تک پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 256رنز بنائے تھے اس وقت محمد رضوان نے 89 رنز اور سعود شکیل 86 رنز بنا کر 142رنز کی مضبوط شراکت داری قائم کی تھی۔
میچ کے پہلے روز پاکستانی بلے باز بنگلہ دیشی بولرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہے تھے، اور محض 16 کے مجموعی اسکور پر 3وکٹیں گنوا دی تھیں، تاہم اوپنر صائم ایوب اور سعود شکیل نے بنگلہ دیشی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نصف سینچریاں بنا کر ٹیم کو سہارا دیا۔گزشتہ روز ہی پہلے دن کے اختتام سے پہلے 114 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 56 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد محمد رضوان نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر ٹیم شراکت داری قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 41 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہوگیا تھا۔
کپتان شان مسعود اور تجربہ کار بلے باز بابراعظم اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے، بابر اعظم ہوم گرانڈ میں پہلی مرتبہ صفر پر آٹ ہوئے۔ شان مسعود صرف 6رنز بنا سکے، تاہم ان کے آٹ پر بھی ایک تنازع بنا جس پر سوشل میڈیا پر بھی خوب تبصرے ہوئے۔بنگلہ دیش کی جانب سے شرف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ شرف الاسلام نے کپتان شان مسعود اور بابر اعظم کی وکٹ حاصل کی، جبکہ حسن محمود نے دونوں اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کو پویلین بھیجا۔
واضح رہے بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس موقع پر کپتان شان مسعود نے بھی کہا تھا کہ ٹاس جیتے تو فیلڈنگ ہی کا فیصلہ کرتے۔یہ بھی واضح رہے دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بارش کی وجہ سے آٹ فلیڈ گیلی ہونے کے باعث ساڑھے 5گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور 41 اوورز کا کھیل ڈیرھ گھنٹے تک وقت بڑھا کر مکمل کروایا گیا۔