سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی ،بابراعظم کےمتعلق کیا رائے رکھتے ہیں؟
ویرات کوہلی نے بابر اعظم کو کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک قرار دیا ہے
لاہور(سپورٹس ڈیسک) سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی ،بابراعظم کےمتعلق کیا رائے رکھتے ہیں؟ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بابر اعظم کو کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔ ویرات کوہلی نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا اور انہیں ایک بہترین اور اچھا انسان بھی قرار دیا ہے۔ ویرات کوہلی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی پاکستان کے کپتان بابر اعظم سے پہلی ملاقات 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران مانچسٹر میں میچ کے بعد ہوئی۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی ٹیم کے اسپنر عماد وسیم کو انڈر 19 ورلڈ کپ سے جانتے تھے، اس نے آ کر مجھے بتایا کہ بابر اعظم آپ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کے بعد ہم بیٹھ گئے اور کھیل کے بارے میں بات کی۔ میں نے پہلے دن سے ہی بابراعظم کی طرف سے اپنے لیے بہت احترام دیکھا اوراس احترام میں آج بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ اس حقیقت کے بارے میں کوئی دوسرا نقطہ نظر نہیں کہ بابر اعظم کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں دنیا کے ٹاپ بلے بازوں میں سے پہلے نمبر پر ہیں اور یہ بالکل درست اور صحیح بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کے کھیل میں تسلسل ہے وہ مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور مجھے ہمیشہ انہیں کھیلتے ہوئے دیکھنے میں مزہ آتا ہے۔
بابر اعظم اس وقت ایم آر ایف ٹائرز آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں 886 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست کھلاڑی ہیں۔ کوہلی 705 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 9 ویں نمبر پر ہیں۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ فائیو میں بھی شامل ہیں جس سے کرکٹ کے تمام فارمیٹس کے سپر اسٹار کی حیثیت کی تصدیق ہوتی ہے۔ بابر اعظم رینکنگ ٹیبل میں تمام فارمیٹس میں ٹاپ فائیو میں جگہ بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔
ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی کرکٹ اسٹیڈیم سری لنکا میں آمنے سامنے ہوں گی۔ وہ پہلے راؤنڈ کی بنیاد پر سپر 4 مرحلے میں بھی مقابلہ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی مدِ مقابل ہوں گے۔